2018 میں دہشت گردی ختم کی، مگر بلوچستان میں خطرہ دوبارہ بڑھ رہا ہے ،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2018 میں دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا تھا، تاہم بلوچستان سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے۔
بلوچستان ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچ رہنماؤں نے رضاکارانہ طور پر پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا۔ بلوچستان اپنی تاریخ، ثقافت اور روایات کے باعث ملک کا ایک منفرد اور اہم خطہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس صوبے کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے لیکن افسوس کہ اس کی بیشتر دولت اب بھی زمین کے اندر دفن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں بلوچستان کو نظر انداز کیا جانا خود احتسابی کا لمحہ ہے۔ بلوچ عوام کشادہ دل، محب وطن اور مہمان نواز ہیں، صوبے میں مختلف برادریوں کے درمیان ہمیشہ ہم آہنگی رہی ہے، تاہم بلوچستان کی جغرافیائی ساخت ترقی کے سفر میں ایک بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں تک بجلی، پانی اور سڑکوں کی فراہمی سب سے بڑا چیلنج ہے۔ مضبوط سڑکوں کے نیٹ ورک کے بغیر تعلیم، صنعت اور معیشت کی ترقی ممکن نہیں۔ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی مجموعی خوشحالی کی ضامن ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاق کی روح باہمی قربانی اور بھائی چارے میں پوشیدہ ہے، صوبوں کے درمیان اتفاق رائے پاکستان کی مضبوطی کی بنیاد ہے۔ “ہم سب کو مل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا — ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں، بعد میں کسی صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔”
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز روزانہ اپنی جانیں قربان کر کے امن قائم رکھے ہوئے ہیں، ہمیں ان قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں، انہیں ترقی میں برابر کا حصہ دار بنانا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا جائزہ لینا ہوگا کہ وہ کون سی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے بے امنی دوبارہ جنم لے رہی ہے۔ اتحاد، محبت اور قومی عزم سے بلوچستان سے پشاور تک ترقی و استحکام ممکن ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ کراچی تا چمن شاہراہ پر روزانہ حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، اس لیے حکومت نے 350 ارب روپے کی لاگت سے شاہراہ کو دو رویہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہم چاہتے ہیں کہ اس خونی روڈ کو امن کی سڑک میں تبدیل کیا جائے۔”
وزیراعظم نے اختتام پر کہا کہ پاکستان کے تمام صوبے ایک خاندان کی مانند ہیں، امن، اتحاد اور بھائی چارہ ہی ترقی کی ضمانت ہے۔ “ان شاء اللہ پاکستان ایک عظیم اور خوشحال ملک بنے گا۔”
