دہشتگردوں کا ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ پر حملہ، لیویز اہلکار زخمی
بلوچستان میں ایک مرتبہ پھر انتہا پسندوں کی جانب سے کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، پنجگور میں ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ پر حملے کے دوران ایک لیویز اہلکار زخمی ہوگیا۔
پنجگور میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق سلولی کی سرکاری رہائش گاہ پر نامعلوم افراد نے گھر پر دستی بم پھینکا جس سے لیویز کا ایک اہلکار زخمی اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔حکام کا کہنا ہے کہ دستی بم ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے پچھلے حصے میں پھٹا، دھماکے کے نتیجے میں لیویز آپریٹر صغیر احمد زخمی اور ایک بلٹ پروف گاڑی سمیت چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
خوش قسمتی سے ڈپٹی کمشنر ساسولی اور گھر میں موجود دیگر افراد محفوظ رہے، دھماکے کے فوراً بعد لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمی آپریٹر کو ہسپتال منتقل کیا۔ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دستی بم حملے میں ملوث موٹر سائیکل سواروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان میں مختلف واقعات میں پاک فوج کے جوان شہید اور دو زخمی ہو گئے۔اتوار کو ایک بیان میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ دہشت گردوں نے ضلع ہرنائی کے علاقے خوست میں ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس میں شدید فائرنگ کے نتیجے میں دو فوجی شہید اور ایک افسر زخمی ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنانے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کا قریبی پہاڑوں میں تعاقب کیا گیا، فرار ہونے والے دہشت گردوں کو گھیرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں دہشت گرد اور گشت کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس جھڑپ میں نائیک عاطف اور سپاہی قیوم نے جام شہادت نوش کیا جبکہ میجر عمر زخمی ہو گئے۔
پاکستان کا آئی ایم ایف سے سٹاف سطح کا معاہدہ طے
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔اے پی پی کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے والے نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ شہدا کے درجات کو جنت الفردوس میں بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے، انہوں نے میجر عمر کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
