عمران خان کی رہائی کیلئےامریکی ارکان بے قرار،وزیرخارجہ کوخط لکھ دیا

تحریک انصاف کے بانی اورسابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کیلئےامریکی ارکان کانگریس پھر بےقرار،امریکی وزیرخارجہ کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ارکان کانگریس جو ولسن اور اگست پلگر نے سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو پر زوردیا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی یقینی بنانے کیلئےپاکستان کے ساتھ بات چیت کریں۔
جوولسن نے خط کی کاپی ایکس پوسٹ پرشیئر کی اور لکھا کہ پاکستان میں جمہوریت بحال اورعمران خان کو رہا کروایا جائے۔25 فروری کو سیکریٹری آف اسٹیٹ کو لکھے گئے مشترکہ خط میں کہا گیا ہے کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ عمران خان کو آزاد کروانے کیلئےحکومت پاکستان سے بات کریں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو پسند کیا جاتا ہے،ان کی رہائی سے پاک امریکا تعلقات میں نئےدور کا آغاز ہوگا۔پی ٹی آئی کے بانی عمران خان ٹرمپ کے پہلے دورحکومت میں وزیراعظم تھےاورآپ کے درمیان مضبوط تعلقات تھے۔ہم زور دیتے ہیں کہ جمہوریت،انسانی حقوق،قانون کی حکمرانی اور پاکستانی عوام کے آزادیِ اظہار رائے کیلئےپاکستان کے ساتھ مل کرکام کریں۔پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی عمران خان کی آزادی پرمنحصر ہے۔
جو ولسن گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر متعدد پوسٹس میں عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتےرہے ہیں۔بانی پی ٹی آئی اگست 2023 سے متعدد مقدمات میں گرفتار ہیں،جنہیں وہ سیاسی قرار دیتے ہیں۔