وزیراعظم نےچینی نائب وزیراعظم کوچینی شہریوں کے تحفظ کی یقین دہانی کرادی
وزیراعظم شہبازشریف نے چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ ژوئی ژانگ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے۔
رپورٹ کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کےدارالحکومت باکو میں کوپ29 کے کلائیمٹ ایکشن اجلاس کےموقع پر چین کےنائب وزیراعظم ڈنگ ژوئی ژانگ سےملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کےدرمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کادیرینہ دوست،دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے نئے دورکاآغازہوچکا۔
شہبازشریف نےکہاکہ حکومت چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہرممکن قدم اٹھارہی ہے۔حکومت ملک سےدہشت گردی کوجڑ سے اکھاڑدینے کے لیے پرعزم ہے۔
ڈنگ ژوئیسیانگ نے سیکیورٹی چیلنجز سےباہمی طور پرنمٹنے اوردونوں ممالک کے عوام کی ترقی و خوشحالی کےلیےپاک چین تعلقات کےدائرہ کارکووسعت دینے کی خواہش کااظہار کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کےصدر الہام علیوف سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نےاقتصادی اوردفاعی تعاون کےساتھ ساتھ عوامی اور ثقافتی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تزویراتی شراکت داری کومضبوط بنانےکےعزم کااظہار کیا۔
شہبازشریف نےسربراہ اجلاس کےکامیاب انعقاد پرالہام علیئیف کومبارکباد دیتے ہوئےآب و ہوا کی تبدیلی سےپیداہونےوالی مشکلات سےنمٹنےکےلیےبین الاقوامی تعاون بڑھانےکےآذربائیجان کےصدر کےوژن اور عزم کو سراہا۔
وزیر اعظم نےکہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونےوالےممالک میں شامل ہے، انہوں نےآب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق چیلنجز پر آذربائیجان اوربین الاقوامی برادری کےساتھ مل کرکام کرنےکےاپنے ملک کے عزم کا یقین دلایا۔
وزیر اعظم نے قابل تجدید توانائی میں ٹیکنالوجی کے اشتراک اور مشترکہ منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی امید ظاہر کی، دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور دیگر علاقائی و بین الاقوامی پیش رفتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف تین روزہ دورہ آذربائیجان مکمل کرکے پاکستان روانہ ہوگئے، آذربائیجان کے وزیرِ انصاف فرید احمدوف نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔