کوئٹہ دھماکہ چیمپینز ٹرافی کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی سازش نکلا
وفاقی تحقیقاتی ایجنسیاں کوئٹہ میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کو پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپنز ٹرافی سبوتاژ کرنے کی بھارتی سازش کا حصہ قرار دے رہی ہیں۔ یاد رہے کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے میں 26 سے زائد افراد مارے گئے تھے جن میں سے اکثریت فوجی جوانوں کی تھی۔ یہ جوان اپنی سالانہ چھٹیوں پر گھروں کو روانہ ہونے کے لیے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خیبر میل کا انتظار کر رہے تھے۔ اس خودکش دھماکے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کی تھی جسے بھارتی خفیہ ایجنسی "را” فنڈنگ کرتی ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے فروری میں پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپنز ٹرافی میں حصہ لینے کے لیے پاکستان آنے سے انکار کے اگلے ہی روز کوئٹہ میں خودکش دھماکہ ہو گیا جس کے تانے بانے اب را کے ساتھ جا ملے ہیں۔ دھماکے کی تحقیقات کرنے والی ایجنسیوں کے اعلی عہدے داران کا کہنا ہے کہ اس واردات کے ذریعے بھارتی بورڈ کے کیس کو مضبوط بنانے کی کوشش کی گئی اور یہ منفی پرو پیگنڈہ کیا گیا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والی دہشت گردی کے بارے میں وفاقی تحقیقاتی اداروں نے کوئٹہ آمد پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور اعلی سول اور فوجی افسران کو جو بریفنگ دی اس کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را نے اپنے سہولت کاروں کی مدد سے کوئٹہ میں ایسے وقت دہشت گردی کی جب ایک دن پہلے بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس بریفنگ میں کور کمانڈر کوئٹہ، وزیراعلی بلوچستان اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکے کے ذریعے بھارت یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ اگر وہ اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجے گا تو وہ محفوظ نہیں ہو گی، حالانکہ انڈیا کے سارے میچز لاہور میں کروانے کا پلان دیا گیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی بورڈ کو یہ پیشکش بھی کی تھی کہ انڈین ٹیم کو اپنے میچز کھیلنے کے بعد روزانہ واہگہ بارڈر کے راستے بھارت پہنچا دیا جائے گا۔ لیکن اس کے باوجود بھارتی بورڈ نے بزریعہ آئی سی سی یہ موقف دیا ہے کہ اسکی حکومت نے انہیں اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے منع کر دیا ہے۔
بھارت کے پاس ویسے بھی اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا جواز اس لیے نہیں کہ دنیا کی تمام بڑی ٹیمیں پاکستان آکر انٹر نیشنل کرکٹ کھیل رہی ہیں۔ حکومت پاکستان کے خیال میں بھارتی حکومت کھیل میں بھی سیاست کر رہی ہے تاکہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کو روکا جا سکے جو کہ ایک انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ہے۔ تاہم حکومت پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہ آئی تو پاکستانی ٹیم کو بھی بھارت کے ساتھ کسی نیوٹرل ملک میں میچ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔