سیلاب پر سیاست نہیں متاثرین کی مدد کی جائے : بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 42 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے، سیلاب پر سیاست نہیں،عوام کی خدمت کی جائے، تمام جماعتیں متحد ہوکر متاثرین کی مدد کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا پنجاب کے شہر پسرور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت فوری امدادی پیکج کا اعلان کرے۔ سیلاب پر نیشنل ایکشن پلان تیار کیا جائے، قدرتی سانحہ سیلاب پر عملی اقدامات کیے جائیں اور متاثرین کو بروقت ریلیف دیاجائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سیلاب پر سیاست نہیں، عوام کی خدمت کی جائے، تمام جماعتیں متحد ہوکر متاثرین کی مدد کریں۔
بیرسٹر گوہر نے نارووال آمد پر کہا کہ پنجاب میں 42 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے، 4 ہزار 300 دیہات متاثر، فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔یہ بڑا المیہ ہے، اللہ کی طرف سے آزمائش ہے،پنجاب حکومت زخمیوں سمیت سب متاثرین کی مدد کرے۔
