پنجاب، کے پی اور سندھ میں آندھی و موسلا دھار بارش کا امکان

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران آندھی اور موسلا دھار بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع، خصوصاً کراچی، حیدرآباد، سکھر، تھرپارکر، بدین اور عمرکوٹ میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ نے شہریوں کو ممکنہ اربن فلڈنگ سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پنجاب کے شہروں اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جو مقامی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا باعث بن سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاقوں چترال، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، بنوں اور وزیرستان میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر پہاڑی اور نشیبی مقامات پر رہائش پذیر افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

Back to top button