ٹی ایل پی کے رضوی برادران کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا : عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے۔ ہم رضوی برادران کے بہت قریب ہیں،وہ جگہیں بدل رہے ہیں لیکن جلد قانون کی گرفت میں آجائیں گے۔ ریاست نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اگر ملک کو آگے بڑھانا ہے تو سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی اور ان کے بھائی انس رضوی قانون کی گرفت سے زیادہ دیر دور نہیں رہ سکیں گے۔حکومت کے پاس رضوی برادران کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی معلومات موجود ہیں، تاہم سکیورٹی وجوہات کے باعث وہ ان تفصیلات کو فی الحال منظر عام پر نہیں لاسکتیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دونوں بھائی جگہیں بدل رہے ہیں لیکن اب ان کے گرد دائرہ مزید تنگ ہوچکا ہے۔
ٹی ایل پی کے زیر قبضہ زمینوں اور اثاثوں کی ممکنہ نیلامی کے بارے میں انہوں نے بتایاکہ صوبائی حکومت وفاقی فیصلے کی منتظر ہے تاکہ ٹی ایل پی پر باقاعدہ پابندی لگنے کےبعد قانونی کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔ ہماری تیاری مکمل ہے، ٹی ایل پی کے بینک اکاؤنٹس،جائیدادیں اور بےنامی اثاثے سب کی تفصیلات ہمارے پاس موجود ہیں۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ٹی ایل پی ریاست کے اندر ایک ریاست بن چکی تھی۔رضوی خاندان کے پاس پہلے ایک چھوٹا سا گھر تھا، لیکن بعد میں انہوں نے اردگرد کی تمام پراپرٹی خرید لی یا لوگوں کو دباؤ میں بیچنے پر مجبور کیا۔ تنظیم کے پاس منظم انداز میں اسلحہ اور سکیورٹی کے انتظامات بھی موجود تھے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے تاخیر پر تبصرہ کرتےہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اب ٹی ایل پی پر پابندی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔کیا ہم ہر دو سال بعد اپنے پولیس اہلکاروں کی لاشیں اٹھاتے رہیں؟ یہ صرف حکومت نہیں بلکہ پوری قوم کا مطالبہ ہےکہ اس ذہنیت کا خاتمہ کیا جائے۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ یہ کارروائی کسی مذہبی گروہ کےخلاف نہیں بلکہ تشدد، انتہا پسندی اور ریاست دشمنی کے خلاف ہے۔ فلسطین اور غزہ کے نام پر وفاق پر حملے کی کوشش کسی طور قابل قبول نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے نام پر ٹی ایل پی کی جانب سے ایسے مطالبات سامنے آتے ہیں جن کا مقصد صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔وہ کہتے ہیں کہ ہمارا سونا واپس دو، 95 بینک اکاؤنٹس بحال کرو،فورتھ شیڈول اور جیلوں سے اپنے لوگوں کو نکالو۔ان کے ایجنڈے میں نہ غزہ ہے نہ فلسطین۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ریاست نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اگر ملک کو آگے بڑھانا ہے تو سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔
ٹی ایل پی کے مالی معاملات کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اکیلا سعد رضوی اتنے اکاؤنٹس نہیں چلاسکتا۔ یہ پورا نیٹ ورک ہے جو خوف اور دھمکی کے ذریعے لوگوں کو خاموش کراتا رہا۔
