خوشخبری! ٹویوٹا کی گاڑیاں 13 لاکھ روپے تک سستی ہوگئیں

گاڑیوں کے معروف برانڈز KIA، MG کے بعد ٹویوٹا نے بھی گاڑیوں کی قیمتوں میں 13 لاکھ روپے تک کمی کر دی ہے، ٹویوٹا کرولا کی قیمت میں 2 لاکھ سے 2.5 لاکھ روپے، ٹویوٹا یارس ایک سے ایک لاکھ 20 ہزار، ٹویوٹا REVO 4 لاکھ 50 ہزار سے 7 لاکھ 90 ہزار، فارچیونر 10 لاکھ 80 ہزار سے 13 لاکھ روپے تک سستی کر دی گئی ہیں، نئی قیمتوں کا اطلاق ہو چکا ہے۔آٹو انڈسٹری ایکسپرٹ مشہود علی خان کہتے ہیں کہ اگر تھوڑی سی قیمت گری ہے تو یہ بھی دیکھنا چاہئے کہ پلانٹس بند ہو رہے ہیں، ہمیں مستقل طور پر کم قیمت پر اچھی گاڑی تب ملے گی جب ہماری ایکسپورٹ پالیسی کو گاڑی ساز کمپنیاں سمجھ جائیں اور اس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کے آٹو پارٹس پہنچنا شروع ہو جائیں۔بین الاقوامی ادارے سے منسلک سینئر صحافی تنویر احمد نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی گرتی ہوئی قیمت اور معاشی بہتری کے باعث گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہوٓئی ہے، امید ہے کہ آئندہ سال یہ قیمتیں مزید گریں گی، ٹویوٹا کی جانب سے نئی قیمتوں کے اعلان کے بعد صارفین نے توقع ظاہر کی کہ اب وہ گاڑیاں فراہم کرنا بھی شروع کر دیں گے، پاکستان میں کارساز اداروں نے گاڑیوں کی بکنگ کا سلسلہ بند کر رکھا ہے۔گزشہ دو مالی سال کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، آٹو انڈسٹری کے ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں فروخت کیے جانے والے انٹرنیشنل برانڈز کی تعداد میں تقریبا نصف کمی ہو چکی ہے، پاکستانی آٹو انڈسٹری کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کی زبوں حالی کی وجہ سے گاڑیوں کی فروخت میں کمی ہوئی ہے۔کرولا 1.6 ایم ٹی کی کی قیمت میں دو لاکھ روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد اِس کی نئی قیمت 59 لاکھ 69 ہزار ہوگی، اسی طرح کرولا 1.6 سی وی ٹی میں دو لاکھ 10 ہزار کی کمی ہوئی جس کے بعد اِس کی قیمت 65 لاکھ 59 ہزار روپے ہوگئی ہے، صرف یہ ہی نہیں، ٹویوٹا رِیوو جی آر ایس کی نئی قیمت 7 لاکھ 90 ہزار روپے کمی کے بعد ایک کروڑ 35 لاکھ ہوگئی ہے، ٹویوٹا نے اپنی گاڑیوں میں سب سے زیادہ کمی فورچیونر جی پیٹرول میں کی ہے جس کی نئی قیمت 13 لاکھ 10 ہزار روپے کی کمی کے بعد 1 کروڑ 44 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔اسی طرح فورچیونر وی پیٹرول کی نئی قیمت 11 لاکھ روپے کی کمی کے بعد ایک کروڑ 99 لاکھ روپے ہوگئی ہے جبکہ فورچیونر جی آر ایس کی نئی قیمت 11 لاکھ 90 ہزار روپے کی کمی کے بعد ایک کروڑ 89 لاکھ 9 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
