پاک بھارت جنگ تجارت نہ  کرنےکی دھمکی دےکررکوائی،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاکہناہےکہ پاکستان اوربھارت کے مابین جنگ تجارت نہ کرنےکی دھمکی دے کر رکوائی ورنہ بہت نقصان ہونا تھا۔

ڈونلڈٹرمپ نے نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا حوالہ دیا اور غزہ کی صورت حال پر بھی اظہارِ خیال کیا۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران 7 طیارے مار گرائے گئے تھے اور اس موقع پر جوہری تصادم بھی ہوسکتا تھا، تاہم انہوں نے مداخلت کرکے جنگ رکوا دی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے دونوں ممالک پر واضح کیا کہ اگر لڑائی جاری رہی تو امریکہ ان کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم نہیں رکھے گا۔

ٹرمپ نے فخریہ انداز میں کہا کہ دنیا بھر میں سات بڑی جنگیں میں نے رکوا دیں، جن میں پاک بھارت جنگ بھی شامل ہے۔

غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اسپتال پر اسرائیلی بمباری میں صحافیوں کی ہلاکت افسوسناک ہے، لیکن اس حوالے سے مجھے زیادہ علم نہیں۔ تاہم اب غزہ میں جنگ فوری طور پر رکنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس منظر سے خوش نہیں، امن کی طرف بڑھنا ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں امریکی پرچم نذرِ آتش کیا جا رہا ہے اور اسے آزادیٔ اظہار قرار دیا جاتا ہے، لیکن یہ رویہ اب بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران میں امریکی آپریشن کے دوران ہر میزائل اپنے ہدف پر لگا اور اسی وجہ سے ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روک دیا گیا۔

Back to top button