عمران کی آستینوں میں کونسے سانپ چھپے بیٹھے ہیں؟

سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں نے الزام لگایا ہے کہ پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی عمران خان کی آستینوں کے سانپ والا کردار ادا کرتے ہوئے انکے خلاف سازش کا حصہ بنے ہوئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کپتان نااہل ہو جائیں تا کہ پارٹی قیادت انکے ہاتھ میں آ جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو نااہل کروانے کی سازش میں بھی شاہ محمود قریشی نے پورا حصہ ڈالا تھا جسکے بعد وہ عمران کے قریب ہو گئے تھے اور ترین کو نہ صرف پارٹی سے آؤٹ کروا دیا بلکہ کپتان سے بھی دور کر دیا تھا۔ دوسری جانب شاہ محمود قریشی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی سازش نہیں کی اور اگر عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں سے کوئی یہ حرکت کر سکتا ہے تو وہ جی-ایچ-کیو کے گیٹ نمبر 4 کا چوکیدار ہی ہو سکتا ہے۔

تحریک انصاف کے چند سینئر رہنماؤں نے عمران خان کو آگاہ کیا ہے کہ وہ جانے انجانے میں ایک ایسی سازش کا حصہ بن رہے ہیں جس کے نتیجے میں وہ ناصرف سیاست کے لئے نااہل ہو سکتے ہیں بلکہ پارٹی قیادت سے بھی محروم ہو سکتے ہیں لہذا انہیں احتیاط کا دامن تھام کر رکھنا چاہیے۔ سینئر صحافی انصار عباسی کی ایک رپورٹ کے مطابق، عمران خان کو حالیہ اعلیٰ سطحی پارٹی اجلاس میں خبردار کیا گیا تھا کہ وہ اپنے آستین کے سانپوں سے ہوشیار رہیں جو ذاتی سیاسی مفاد کے لیے انہیں فوج سے تصادم کرنے پر اکسا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پرویز خٹک اور چند دیگر پارٹی رہنماؤں نے عمران خان کو کھلے عام ملٹری اسٹیبلشمنٹ پر تنقید ترک کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے عمران پر زور ڈالا کہ وہ فوج کے ادارے اور ملک کے بہترین مفاد کی خاطر اپنی ٹکراؤ کی پالیسی پر نظرثانی کریں ورنہ کوئی بڑا نقصان کروا بیٹھیں گے۔ اسی طرح پارٹی کے جونیئر ترین لیڈر فیصل واوڈا نے بھی عمران خان کو خبردار کیا ہے کہ شاہ محمود قریشی جیسے انکے ساتھی ان کے خلاف سازش میں مصروف ہیں اور اسکی تکمیل کے لئے انہیں فوج کے خلاف گمراہ کر کے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عمران خان کو بتایا کہ انہیں آستین کے سانپوں نے گھیر رکھا ہے جو انہیں نااہل کروانے کی سازش کر رہے ہیں تاکہ اپنی راستہ ہموار کی جا سکے۔

کیا چور ورلڈ کپ ٹرافی چُرا کر چیمپئن قرار پا سکتا ہے؟

بقول انصار عباسی فیصل واوڈا نے عمران کو بتایا ہے کہ فوج کے ادارے سے محاذ آرائی کسی صورت پی ٹی آئی کے مفاد میں نہیں۔ عمران کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان کے جو قریبی ساتھی انہیں اداروں اور ان کی اعلیٰ کمان کے خلاف روزانہ بھرتے ہیں، وہ خود بنی گالہ سے نکل کر چپکے سے انہیں کو جا کر ملتے ہیں اور اپنی وفاداری کا یقین دلاتے ہیں۔ عمران خان کو خبردار کیا گیا ہے کہ انکے خلاف اندر سے سازش ہو رہی ہے جسکا مقصد انہیں عوامی عہدہ رکھنے کے لیے نااہل کروانا ہے۔

لیکن شاہ محمود قریشی کے قریبی ذرائع ان الزامات کی تردید کرتے ہیں کہ وہ اپنے کپتان کے خلاف کسی سازش کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ اگر کپتان کے قریبی ساتھیوں میں سے کوئی شخص انکے خلاف سازش کر رہا ہے تو وہی ہوسکتا ہے جسے ماضی میں خان صاحب اپنا چپڑاسی رکھنے کو بھی تیار نہیں تھے۔ شاہ محمود قریشی کے قریبی ساتھیوں کا کہنا تھا کہ کپتان کی مخبری صرف گیٹ نمبر 4 کا چوکیدار ہی کر سکتا ہے جو عمران خان کے سامنے انکے خیر خواہ بن کر دکھاتے ہیں۔

دوسری جانب عمران کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ خان صاحب جانتے ہیں کہ ان کی آستینوں میں کچھ زہریلے سانپ چھپے بیٹھے ہیں لیکن وہ ان سے خوف زدہ نہیں۔ ذرائع کے مطابق عمران کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں کوئی شخص کسی کے خلاف نہیں بہکا سکتا اور وہ جو کچھ کرتے ہیں، سوچ سمجھ کر اور اپنی مرضی سے کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے عمران خان کو بغاوت کے مقدمے میں گرفتار شہباز گل کی حمایت میں آخری حد تک جانے سے گریز کا مشورہ دیا تھا لیکن وہ نہیں مانے۔ اطلاعات کے مطابق، پرویز خٹک نے عمران کو بتایا تھا کہ نیوٹرلز سے ٹکراؤ کی پالیسی خطرناک ہے اور اس پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ کہا جاتا ہے کہ پرویز خٹک مسلسل عمران خان کو ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے مقابلے میں نرم کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن سازش عناصر انہیں دوبارہ بھڑکا دیتے ہیں۔

Back to top button