امریکی سینیٹ کی ایران جنگ روکنے کی قرارداد مسترد، ایوان نمائندگان میں منظور

امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں سے امریکی افواج واپس بلانے کی ہدایت دینے والی قرارداد مسترد کر دی۔ جبکہ ایوان نمائندگان میں یہ قراراداد منظور کر لی گئی۔
میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر کرس وین ہولن کی جانب سے پیش کی گئی وار پاورز ریزولوشن پر ووٹنگ کے دوران قرارداد کو 47 کے مقابلے میں 49 ووٹوں سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، یوں یہ مطلوبہ حمایت حاصل نہ کر سکی۔
ووٹنگ کے دوران ریپبلکن سینیٹر سوسن کولنز نے اپنی جماعت کی پالیسی کے برخلاف قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ ڈیموکریٹ سینیٹر جان فیٹرمین نے اپنی پارٹی سے اختلاف کرتے ہوئے قرارداد کی مخالفت کی۔
ادھر امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایران کے خلاف جنگ روکنے سے متعلق ایک قرارداد دوبارہ منظور کر لی، جسے رکن کانگریس پرامیلا جیاپال نے پیش کیا تھا۔
امریکا کے ایران پر 13ویں روز بھی حملے، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
ایوانِ نمائندگان میں قرارداد کے حق میں 214 جبکہ مخالفت میں 208 ووٹ ڈالے گئے۔ اس موقع پر چار ریپبلکن ارکان نے بھی قرارداد کی حمایت میں ووٹ دیا۔
