ایران کے ساتھ معاہدے کے قریب آ چکے : نائب امریکی صدر

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اور تہران معاہدے کے بہت قریب آچکے ہیں۔ امریکا اس پوزیشن میں ہےکہ ایران کے جوہری پروگرام کو پیچھے دھکیل سکتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے حوالے سے کافی پیشرفت ہوئی ہے،فریقین کے درمیان چند الفاظ اور شرائط کے حوالے سے تبادلہ خیال جاری ہے۔، تاہم صدر ٹرمپ ابھی کسی معاہدے پر دستخط کرنے کےلیے تیار نہیں ہیں، امید ہےکہ بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم چند نکات پر ایک دوسرے سے بات چیت کررہے ہیں،امید ہےکہ بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا اور ایسا وقت آئے گا جب صدرڈونلڈ ٹرمپ معاہدے کی توثیق کرسکیں گے، تاہم یہ معاملہ ابھی حتمی مرحلے تک نہیں پہنچا اور اس کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔امریکا اس پوزیشن میں ہےکہ تہران کے جوہری پروگرام کو پیچھے دھکیل سکتا ہے۔
یاد رہےکہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے ساتھ ساتھ سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں اور خطے میں صورت حال بدستور غیریقینی ہے۔
