عظمیٰ بخاری نے عمران خان کو ہٹلر پارٹ ٹو قراردیدیا

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے عمران خان کو ہٹلر پارٹ ٹو قرار دیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز پر فاشسٹ ہونے کا الزام لگانے پر عمران خان کو شرم آنی چاہیے۔ مریم نواز کو والد کے سامنے آپ نے گرفتار کروایا تھا۔ سیاسی مخالفین پر آرٹیکل 6 کے مقدمات بنانے کی فرمائشیں کرنے والے اور جیلوں میں کیمرے لگا کر تکلیفیں دینے والا یہی فاشسٹ لیڈر فتنہ خان تھا۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے بشریٰ بی بی یا آپ کی چاروں بہنوں کو گرفتار نہیں کروایا۔ آپ ویل چیئر سے خود ڈر کر بھاگے اور اٹھے مریم نواز نے نہیں اٹھایا۔ فاشسٹ اور ذاتی عداوت کے مارے حکمران آپ تھے جس نے بطور وزیراعظم سو سے زیادہ لیگی رہنماؤں کو سیاسی مقدمات میں گرفتار کروایا۔روزانہ کی بنیاد پر گرفتاریوں کے باوجود ایک بھی لیگی رہنما نے میاں نواز شریف اور مسلم لیگ نون کا ساتھ نہیں چھوڑا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے انقلابیوں نے ایک ایک رات جیل میں گزارنے کے بعد اگلے دن لائنیں لگا کے پریس کانفرنسیں کیں۔ اپنے جرائم، ناکام بغاوت اور پاکستان مخالف سازشوں کا ملبہ مریم نواز پر مت ڈالو۔ جس فوج کے سپہ سالار کو میر جعفر کہتے ہو اور نیوٹرل کو جانور کہتے ہو اس سے مذاکرات کا کہتے ہوئے تمہیں شرم کیوں نہیں آتی؟
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت کا کہنا تھا کہ پہلے فوجی تنصیبات پر حملے کراتے ہو، شہداء کے مجسمے جلاتے ہو اور پھر معصومیت کا ڈرامہ بھی کرتے ہو۔ نو مئی کی ناکام بغاوت کا حساب بھی دینا ہوگا اور سزا بھی بھگتنا پڑے گی۔
