بشری عرف پنکی پیرنی نے عمران خان پر کون سا جادو کر رکھا ہے ؟

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بشری بی بی المعروف پنکی پیرنی سے شادی کے بعد سے یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ بشری بی بی باقاعدہ جادو ٹونا اور تعویز گنڈا کرتی ہیں۔ جس کی تصدیق نہ صرف عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان اور جمائمہ کر چکی ہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی کا پرسنل سٹاف بھی اس حوالےسے حقائق سامنے لا چکا ہے تاہم اب بشری بی بی کی بہن مریم وٹو نے بشری بی بی پرلگائے جانے والے جادو ٹونے کے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

جیو نیوز کے رپورٹر مرتضی علی شاہ کو لندن میں دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں بشریٰ بی بی کی بڑی بہن مریم وٹو کا کہنا تھا کہ بشریٰ کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے کہ اس سے انھوں نے عمران خان کو قابو کر رکھا ہو۔اتنی اچھی بیوی ہو تو ہر شوہر اپنی بیوی کی مانتا ہے، بشریٰ کے پاس دین اور قرآن کا بہت علم ہے اور یہی وجہ ہے کہ عمران خان اپنی اہلیہ کی بات مانتے ہیں اور ان سے مشورہ لیتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ بشریٰ کو اپنا مرشد کہتے ہیں۔انہوں نے انٹرویو کے دوران بشری بی بی پر کالے جادو، ٹونے اور تعویز گنڈے جیسے الزامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جو بشریٰ پر ایسے الزامات لگاتے ہیں مجھے ان کی ذہنی صحت پر شک ہوتا ہے۔

مریم وٹو نے انکشاف کیا کہ ان کا عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ 2022 سے تعلق ہے، وہ اس وقت بھی پارٹی کی کارکن تھیں جب عمران خان ان کے بہنوئی نہیں بنے تھے۔

ایک اور سوال کے جواب میں مریم وٹو نے کہا کہ میں عمران خان کی نجی زندگی پر بات نہیں کروں گی، بہنوئی بننے سے قبل میں عمران خان کو زیادہ قریب سے نہیں جانتی تھی۔عمران خان اور بشریٰ بی بی کی میچ میکنگ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں مریم وٹو نے بتایا کہ اس وقت میرے ذہن میں میچ میکنگ والی کوئی بات نہیں تھی، یہ 2015 یا 2016 کا وقت تھا جب میں نے دونوں کو ایک دوسرے سے متعارف کروایا۔

مریم وٹو نے کہا میں نے بی بی سے درخواست کی تھی کہ عمران خان کی روحانی معاملات میں کچھ مدد کردیں کیونکہ عمران خان مجھے بہت پریشان نظر آتے تھے، ایک بار ٹی وی پر دیکھا تو بہت برے حال میں نظر آئے، جس پر بشریٰ بی بی نے منع کردیا کہ نہیں میں میڈیا پر نہیں آنا چاہتی، وہ عمران خان سے بات کرنے سے انکاری تھیں لیکن میرے اصرار پر وہ رضامند ہوگئیں۔انہوں نے کہا پھر آگے اللہ تعالیٰ کی مرضی ہوتی ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اُسی وجہ سے اب وہ لوگ بہترین جوڑی ہیں، جس کے بارے میں میں فخر سے کہہ سکتی ہوں کہ یہ دنیا کی بہترین جوڑی ہے کیونکہ اتنی مشکلات کے باوجود وہ لوگ اب بھی ساتھ کھڑے ہیں۔

مریم وٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی سے ملوانے پر ای میل کے ذریعے میرا شکریہ ادا کیا تھا، انہوں نے لکھا تھا کہ شکریہ آپ نے میری زندگی بدل دی ہے۔وٹو نے اس بات کی تردید کی کہ یہ شادی کسی سیاسی مقصد کے تحت ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان گہرا فکری اور روحانی تعلق ہے، جو ان کی شادی کی بنیاد بنا۔

خیال رہے کہ عمران خان اور بشری بی بی کی شادی کے بعد سے پنکی پیرنی پر جادو ٹونے کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں کہنے والے تو یہ بھی کہتے ہیں کہ کپتان کی پنکی پیرنی کے ساتھ تیسری شادی بھی روحانی عمل کا نتیجہ تھی کیونکہ انہیں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم بننے کا راستہ اس شادی کے ذریعے ہموار ہو گا۔ کہا جاتا ہے بشریٰ بی بی المعروف پنکی پیرنی سے روحانی درس لیتے لیتے کپتان ان کے گرویدہ ہوگئے تھے اور پنکی پیرنی کے کہنے پر ہی کپتان نے اپنی دوسری بیوی ریحام خان سے علیحدگی اختیار کی۔ پنکی پیرنی کی روحانی قوت اور عملیات کی اثر پذیری کے نہ صرف عمران خان قائل ہیں بلکہ جو لوگ بھی انہیں قریب سے جانتے ہیں ان کا ماننا ہے کہ بشریٰ بی بی کے پاس موکلات ہیں اور وہ کالے جادو کا توڑ بھی بہت خوب جانتی ہیں۔

خیال رہے کہ عمران خان کی سابق بیوی ریحام خان نے کپتان سے طلاق کے بعد اپنی کتاب میں لکھا تھا کہ جن دنوں وہ عمران خان کے عقد میں تھیں،ان دنوں بشریٰ بی بی کے مشورے پر عمران خان اپنے ننگے جسم پر کالی ماش کی دال لیپ کیا کرتے تھے تاکہ وہ کالے جادو کے اثر سے محفوظ رہیں۔ ریحام خان کے انکشاف کے بعد لندن میں رہنے والی جمائمہ نے بھی ایک مزاحیہ مگر معنی خیز پوسٹر شئیر کی تھی جس میں ان کے سابق شوہر کی موجودہ عاملہ بیوی پنکی پیرنی کی روحانی قوت کی جانب اشارہ کیا گیا تھا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ جمائما نے یہ پوسٹر شیئر کرکے دراصل یہ بتانے کی کوشش کی تھی کہ بشری بی بی ملکی معاملات اور کپتان کو چلانے کے لئے جادو ٹونے کا سہارا لیتی ہیں۔

ناقدین کے مطابق عمران خان کے دور اقتدار میں تمام تر ریاستی اور سیاسی فیصلے جادوٹونے اور جنتر منتر کی بنیاد پر ہوتے تھے۔بنی گالہ ہاؤس کے سابق انچارج اور کنٹرولر وزیراعظم ہاؤس انعام اللّٰہ شاہ کے مطابق تمام اہم ریاستی اور حکومتی فیصلوں پر بشریٰ بی بی تصاویر دیکھ کر حساب لگایا کرتی تھیں اور پھر عمران خان کو تقرریوں پر رائے دیتی تھیں جبکہ انہی کی رائے کے مطابق تقرریاں ہوتی تھیں، کسی بھی تقرری سے قبل عمران خان تصاویر منگواتے تھے اور ان تصاویر کو دیکھ کر ہی بشریٰ بی بی نام فائنل کرتی تھیں، یہاں تک کہ الیکشن کیلئے ٹکٹس بھی اسی طرح دی جاتی تھیں۔ انعام اللہ شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بنی گالا میں ہر روز سوا کلو گوشت جبکہ ہر پندرہ دن کے بعد کالا بکرا منگوایا جاتا تھاہلکا کالا رنگ بھی قابل قبول نہیں تھا جس پر عمران خان دفتر جانے سے قبل ہاتھ رکھتے تھے، منگل اور بدھ کے روز مرغی لائی جاتی تھی، گوشت کو چھت پر پھینک دیا جاتا تھا۔تاکہ چیل کوے کھالیں۔ اور کبھی کبھار ملازمین کو بھی دے دیا جاتا تھا جبکہ بکرے کی سری قبرستان میں پھینکنے کا کہا جاتا تھا۔تاکہ وہاں موجود کیڑے مکوڑے کھا لیں جبکہ کیڑے مکوڑے تو ہر جگہ ہوتے ہیں لیکن ہمیں قبرستان کا حکم دیا جاتا تھا۔

عمران خان خود اپنے خلاف مسلسل سازش کیسے کر رہے ہیں ؟

تاہم اب بشری بی بی کی بہن مریم وٹو نے ان الزامات کی تردید کر کے اپنی بہن کو پارسا روحانی عامل قرار دے دیا ہے۔

Back to top button