جب شیخ وقاص اکرم نے عمران کو 190 ملین پاؤنڈز کیس میں شرم دلائی

بانی پی ٹی آئی کے دست راست سمجھے جانے والے شیخ وقاص اکرم کی عمران خان کو شرم دلانے کی ایک پرانی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ موخر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی تحریک انصاف میں شمولیت سے قبل ایک پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ 190 ملین پاؤنڈ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم ویڈیو میں یہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ عمران خان جلسوں میں کہتے تھے ہم اقتدار میں آ کر ملک کےلوٹے گئے پیسے واپس لائیں گے۔ اب اگر وہ لوٹے گئے پیسے واپس لے آئے ہیں تو بتائیں کہ یہ پیسہ کسی سیاسی شخصیت کی جیب سے نہیں بلکہ کاروباری شخصیت کی جیب سے نکالا گیا ہے۔ویڈیو میں شیخ وقاص عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہتے ہیں کہ خان صاحب آپ نے اس معاملے پر یہ مجرمانہ خاموشی کیوں اختیار کر رکھی ہے۔ آپ اس قوم کو اتنا بے وقوف کیوں سمجھتے ہیں۔
ویڈیو میں شیخ وقاص کا عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مزید کہنا ہے کہ جو پریس کانفرنس آپ کرتے ہیں اور 18,18 سوال کرتے ہیں، آپ کو کیا لگتا ہے یہ چیزیں دھندلا جائیں گی اور کسی کو یاد نہیں رہے گا کہ یہ پیسہ کس کا تھا اور کہاں سے پاکستان آیا۔ ان کا عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہنا ہے کہ یہ بہت شرم کی بات ہے اور اس مجرمانہ خاموشی پر عمران خان کو شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ لوگ کہاں ہیں جو فوج پر کیچڑ اچھالتے ہیں اور سیاستدانوں کی پگڑی اچھالنے میں دیر نہیں کرتے، یہاں کیوں آپ کی زبانیں بند ہو گئی ہیں۔انہوں کا مزید کہنا ہے کہ خان صاحب اب تو برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کر لیں جس نے لوٹا ہوا پیسہ واپس پاکستان بھیج دیا ہے، آنے والے وقت میں لوگ اس کے بارے میں سوال کریں گے، کیا آپ اتنے بے وقوف ہیں کہ ایک ٹوئٹ سے مِس لیڈ ہو جائیں گے، کیا آپ اتنے بے وقوف ہیں کہ حکومتی وزیر پیسے کے آنے پر کریڈٹ نہیں لیں گے تو آپ سمجھیں گے کہ شاید یہ پیسہ وہاں سے نہیں آیا جہاں سے اسے نکالا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیخ وقاص اکرم کی پرانی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایک صارف نے پی ٹی آئی کے حامی صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر تو آپ یقین نہیں کرتے شیخ وقاص اکرم کی بات پر ہی یقین کر لیں۔ وہ تو سچ ہی بول رہے ہونگے۔
ایک ایکس صارف نے شیخ وقاص اکرم کے پی ٹی آئی میں شمولیت سے پہلے دینے والے بیان پر لکھا کہ یادِ ماضی عذاب ہے یارب۔
ایک اور سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پی ٹی آئی کے اندر سے گواہی سامنے آنے کے بعد اب یوتھیوں کو اپنے منہ چھپا لینے چاہیں اور اپنے قائد کو معافی مانگنے کی تلقین کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر کردیا گیا ہے، کیس کا فیصلہ اب 17 جنوری جمعے کے روز سنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ٹرائل ایک سال کے عرصے میں مکمل ہوا، نیب ریفرنس کا ٹرائل گزشتہ سال 18 دسمبر کو مکمل ہوا تھا، کیس کا فیصلہ ابتدائی طور پر 23 دسمبر کو سنایا جانا تھا۔بعد ازاں، عدالت نے چھٹیوں اور کورس کے باعث سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیس کا فیصلہ 6 جنوری کو سنایا جائے گا۔تاہم، 6 جنوری کو بھی فیصلہ نہیں سنایا جاسکا اور یہ ایک بار پھر موخر کردیا گیا، جبکہ 13 جنوری کو عمران خان اور بشری بی بی کی عدم پیشی کی وجہ سے فیصلہ موخر کرتے ہوئے اب اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے 17 جنوری کو فیصلہ سنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔