مسلم لیگ ن کی تنقید پرخاموش نہیں رہیں گے،قمرزمان کائرہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کاکہناہے کہ حکومت کاساتھ دینےکایہ مطلب نہیں کہ پنجاب حکومت تنقید کرے اورہم  برداشت کرتے رہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نیک نیتی سے ن لیگ کو حکومت بنانے میں ساتھ دیا اور تحریری معاہدہ بھی ہوا لیکن بدقسمتی سے معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو چاہیے کہ ماضی کے لہجے اور رویوں سے گریز کریں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک طویل عرصے سے بحرانوں کا شکار ہے، دہشت گردی اور بارڈر کی صورتحال سمیت کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ ہم نے ہر موقع پر حکومت کا ساتھ دیا لیکن تنقید سے خاموش بھی نہیں رہ سکتے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیلاب سے شدید نقصان ہوا ہے، اس موقع پر پنجاب اور سندھ حکومت نے اچھا کام کیا جسے سراہا بھی لیکن جہاں خامی ہوگی وہاں نشاندہی ضرور کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو نے پنجاب حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ماضی کے زخم بھلانا چاہتی ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما غیر مناسب زبان استعمال کرنے سے گریز کریں۔ بلاول بھٹو بڑے تحمل سے معاملات آگے بڑھا رہے ہیں۔

Back to top button