ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ:پاکستان اور بھارت کا بڑاٹاکرآج ہوگا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کا سب سے سنسنی خیز اور روایتی حریفوں کا معرکہ آج کھیلا جا رہا ہے۔پاکستان اور بھارت کی ویمن کرکٹ ٹیمیں میدان میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔
پاکستان ٹیم کی فاطمہ ثنا کی زیرِ قیادت گرین شرٹس روایتی حریف کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرنے کے لیے مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ بڑا میچ برمنگھم کے تاریخی سٹیڈیم ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔
میچ سے قبل پاکستانی کیمپ سے ایک پریشان کن خبر سامنے آئی جب قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نیٹ پریکٹس کے دوران دائیں گھٹنے پر گیند لگنے سے انجری (چوٹ) کا شکار ہو گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز بیٹنگ سیشن کے دوران عائشہ ظفر نے ایک سیدھا شاٹ کھیلا، جس پر بالنگ کے بعد فالو تھرو کے دوران گیند تیز رفتاری سے فاطمہ ثنا کے گھٹنے سے جا ٹکرائی۔
تاہم، نوجوان کپتان نے بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے اس واقعے کو معمولی قرار دیا اور مداحوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اب بالکل ٹھیک ہیں اور میچ کے لیے دستیاب ہوں گی۔
پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کے مطابق اس اہم ترین میچ میں سپن بالر سعدیہ اقبال اور تجربہ کار آل راؤنڈر ندا ڈار سے عمدہ کارکردگی کی توقعات وابستہ ہیں۔
کرکٹ کی دنیا میں پاکستان اور بھارت کا میچ ہمیشہ سے کھیل سے بڑھ کر اعصاب کی جنگ رہا ہے۔ ویمنز کرکٹ میں بھارت کا ریکارڈ پاکستان کے مقابلے میں روایتی طور پر بہتر رہا ہے، لیکن حالیہ عرصے میں پاکستانی ویمن ٹیم نے اپنی بالنگ اور فیلڈنگ کے معیار میں واضح بہتری دکھائی ہے۔
