عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر سے زائد قرض فراہم کیا جائے گا

عالمی بینک رواں مالی سال کے دوران پاکستان کو مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 2 ارب ڈالر سے زائد کا قرض فراہم کرے گا۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق، یہ قرض انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن (IDA) اور انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ (IBRD) کے ذریعے دیا جائے گا۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق، اس وقت پاکستان میں عالمی بینک کی فنڈنگ سے 57 ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جن کی مجموعی لاگت 16.6 ارب ڈالر ہے۔ ان منصوبوں کا تعلق زراعت، پانی، توانائی، مالیات اور محصولات (ریونیو) سے ہے۔

امور ڈویژن کے مطابق، جن نئے منصوبوں کے لیے قرض دیا جا رہا ہے ان میں مواصلات، دیہی و شہری ترقی، انسانی سرمایہ، سماجی خدمات اور گورننس کے شعبے شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق، عالمی بینک گزشتہ 7 سالوں کے دوران پاکستان کو 11.84 ارب ڈالر قرض فراہم کر چکا ہے، جن میں سب سے زیادہ، یعنی 1.96 ارب ڈالر توانائی کے شعبے کے لیے دیے گئے۔

اسی سلسلے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال عالمی بینک نے پاکستان کو 1.8 ارب ڈالر قرض دیا تھا، جب کہ رواں مالی سال میں یہ رقم 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔ مستقبل میں بھی مختلف شعبوں کے لیے عالمی بینک کی جانب سے مالی معاونت جاری رہنے کا امکان ہے۔

Back to top button