آئی سی سی رینکنگ میں بابراعظم اور محمد رضوان کی تنزلی

قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور سابق کپتان بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں مزید تنزلی واقع ہوئی ہے۔
آئی سی سی نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق بھارت کے ابھیشک شرما ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔
بابر اعظم کی رینکنگ میں 3 درجے جبکہ محمد رضوان کی 2 درجے کمی ہوئی ہے، جس کے بعد بابر اب 21ویں اور رضوان 22ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
دیگر پاکستانی بیٹرز میں حسن نواز نے 2 درجے بہتری کے ساتھ 32ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے، جب کہ صائم ایوب کی 2 درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ اب 40ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان آغا سلمان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 18 درجے ترقی حاصل کی اور اب 59ویں نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ:
بولرز کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بدستور پہلی پوزیشن پر ہیں۔ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 8 درجے بہتری کے بعد 26ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ حارث رؤف کو 4 درجے تنزلی کے بعد 28ویں نمبر پر جانا پڑا۔
اس کے علاوہ اسپنر محمد نواز نے 15 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 43ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز رینکنگ:
اس زمرے میں بھارت کے ہاردک پانڈیا بدستور سرفہرست ہیں، جب کہ افغانستان کے محمد نبی ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ:
ون ڈے کرکٹ میں زمبابوے کے سکندر رضا نے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ون آل راؤنڈر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
دوسری جانب، افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں، جب کہ محمد نبی بھی ایک درجہ نیچے آتے ہوئے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
