آرمی چیف کی توسیع پارلیمانی قواعد کے تحت ہونی چاہیے

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارلیمانی قواعدوضوابط کے تحت قانون سازی ہوئی تو ساتھ دیں گے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لکھے گئے خط کا مجھے کوئی علم نہیں، انہوں نے کہا کہ کل ن لیگ کی جو ملاقات ہوئی تھی وہاں ان کی قیادت کی جانب سے ہی حکم آیا تھا کہ غیر مشروط حمایت ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کی جانب سے حکومت کو غیر مشروط حمایت دی گئی اس سے قبل اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے قائد حزب اختلاف کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپوزیشن کو متحد رکھے اور ان کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پارلیمانی قواعدوضوابط کے تحت قانون سازی ہوئی تو ساتھ دیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بل پہلے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بھیجا جائے گا جس کے بعد یہ معاملہ ایوان میں زیرِ غور آئے گا۔ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ آرمی ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے ہم پھر سے وہی غلطیاں دہرا رہے ہیں جو نوٹیفکیشن کے وقت کی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ن لیگ نے اعلان کیا کہ وہ حکومت کی غیرمشروط حمایت کرے گے، ن لیگ نے حکومت کی حمایت پر اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے قومی اسمبلی میں 52 ووٹ ہیں، میں نہ ایک فل اسٹاپ اور نہ ہی کوما پر اثرانداز ہو سکتا ہوں لیکن سمجھتا ہوں جیسے ن لیگ اور پی ٹی آئی اس بل کو پاس کرنا چاہتے ہیں، یہ پارلیمانی طریقہ کار کو ایک طرف رکھنا چاہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طریقہ کار سے ہمارے فوج کے ادارے کو نقصان ہو گا، ہم وہی غلطیاں پھر سے دہرا رہے ہیں جو نوٹیفکیشن کے وقت ہوئی تھیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت اور قائد حزب اختلاف ہماری حمایت چاہتے ہیں تو پارلیمانی طریقہ کار پر کام کریں، اس بل کو دفاع کمیٹی کے سپرد کریں، امید کرتا ہوں کہ حکومت ہماری بات مانے گی، بہتر ہو گا کہ بل اتفاق رائے سے منظور ہو.ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں جنرل کیانی کوتوسیع دی، ہم توسیع کے مخالف نہیں مگر چاہتے ہیں کہ پارلیمانی قوائد وضوابط پرعمل کیا جائے۔ بلاول نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی کامیابی ہے کہ یہ معاملہ پارلیمان میں آیا، عدالت نے تسلیم کیا کہ طاقت کا سرچشمہ پارلیمان ہے، یہ انتہائی حساس معاملہ ہے، اس کی حساسیت مدنظر رکھ کے اسے حل کرنا چاہئے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی حمایت کا فیصلہ کیا تھا۔
حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے آرمی ایکٹ کی ترمیم کو اتفاق رائے سے پارلیمان سے منظور کرنے کے لیے مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطہ کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں سینیٹ کے قائد ایوان شبلی فراز اور وزیر مملکت پارلیمانی امور اعظم سواتی پر مشتمل وفد نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ خیال رہے کہ 28 نومبر کو سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اگلے 6 ماہ تک پاک فوج کے سربراہ ہوں گے اور اس دوران حکومت پارلیمنٹ کے ذریعے سے آرمی چیف کی توسیع اور تعیناتی پر قانون سازی کرے۔
سپریم کورٹ نے 26 نومبر کو درخواست کی پہلی سماعت میں وفاقی حکومت کی جانب سے آرمی چیف کی مدت کے حوالے سےاگست میں جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کو معطل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس حوالے سے قانون موجود نہیں ہے۔ بعد ازاں اپنے تفصیلی فیصلے میں عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ آرمی سے متعلق قوانین کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ جنرل اور آرمی چیف کی مدت اور ریٹائرمنٹ کی عمر کے ساتھ ساتھ مدت میں توسیع یا ازسر نو تعیناتی کے حوالے سے کوئی شق موجود نہیں ہے۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ وزارت دفاع کی جانب سے آرمی چیف کی دوبارہ تعیناتی، توسیع اور از سرنو تعیناتی کے لیے جاری کی گئی سمری جس کی منظوری صدر، وزیراعظم اور کابینہ نے دی، بے معنیٰ ہے اور قانونی خلا پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وفاقی حکومت حاضر سروس جنرل اور آرمی چیف کی سروس کے حوالے سے 6 ماہ کے اندر ایک ایکٹ کی شکل میں پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کرے گی۔ بعد ازاں دسمبر کے اواخر میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کی تھی اور فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔ علاوہ ازیں 2 جنوری کو فاقی حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق دیے گئے 28 نومبر 2019 کے فیصلے پر حکم امتناع مانگتے ہوئے ایک متفرق درخواست دائر کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button