آزاد کشمیر میں حکومت سازی، نواز شریف نے مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے انٹرویوز شروع کردیے

مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا اہم اجلاس مری میں جاری، صدر، وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں کا اعلان بھی جلد متوقع

مری (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے اپنی تیاریاں تیز کردی ہیں، جبکہ پارٹی صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت مری میں اہم اجلاس جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف گورنر ہاؤس مری میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کررہے ہیں۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ناموں پر بھی مشاورت جاری ہے، جن کا اعلان آج یا کل تک متوقع ہے۔

خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے سحرش قمر، نثارہ عباسی، مریم کشمیری، ماریہ اقبال ترانہ اور ناصرہ خان کے نام زیر غور ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈڈیال سے شعیب عابد کی والدہ کا نام بھی ممکنہ امیدواروں کی فہرست میں شامل ہے۔

تاہم خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے حتمی امیدواروں کا فیصلہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے نام فائنل ہونے کے بعد 17 اگست کو انتخابی شیڈول جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ مخصوص نشستوں کے انتخابات کے لیے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیے جانے کی توقع ہے۔

ارکان اسمبلی کے حلف کے بعد خواتین کی مخصوص نشستوں پر انتخابات 18 اگست کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں 25 جنرل نشستیں حاصل کرکے قانون ساز اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔ خواتین، ٹیکنوکریٹس، علماء و مشائخ اور اوورسیز نشستوں کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کی مجموعی نشستوں کی تعداد بڑھ کر 31 تک پہنچنے کی توقع ہے۔

Back to top button