ملتان سٹیڈیم میں جشن آزادی کی تقریب،شائقین جھوم اٹھے

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں یومِ آزادیِ پاکستان کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں معروف گلوکار ندیم لونے والا کے لائیو شو پر شائقین جھوم اٹھے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےبھی شرکت کی۔
چیئرمین پی سی بی کی ہدایت پر انتظامیہ کی جانب سے شائقینِ کرکٹ کے لیے سٹیڈیم میں داخلہ بالکل مفت قرار دیا گیا تھا تاکہ ہر شخص جشنِ آزادی اور جاری نیشنل چیمپیئنز کے مقابلوں سے لطف اندوز ہو سکے۔
تقریب کی سب سے بڑی کشش معروف گلوکار ندیم لونے والا کی سحر انگیز پرفارمینس رہی، جن کے قومی اور صوفیانہ نغموں پر سٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کی خوشی دیدنی تھی۔
شائقین نے نہ صرف بھرپور تالیاں بجائیں بلکہ اپنے من پسند گلوکار کے ساتھ مل کر رقص کیا اور انہیں زبردست داد دی۔ انتظامیہ کی جانب سے اینٹری فری کیے جانے کے باعث فیملیز اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے سٹیڈیم کا رخ کیا اور جشنِ آزادی کی خوشیوں کو دو بالا کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی اس خاص تقریب میں بطورِ خاص شرکت کی اور ملتان کے جذبے کو سراہا۔
انہوں نے شائقینِ کرکٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ کرکٹ کے میدان جہاں کھیل کی ترقی کا مرکز ہیں، وہیں قومی یکجہتی اور خوشی کے مواقع منانے کے لیے بھی بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوتے ہیں۔
شائقینِ کرکٹ نے ایک ہی چھت تلے قومی کرکٹ کا سنسنی خیز مقابلہ اور جشنِ آزادی کا ثقافتی میلہ مفت دیکھنے پر پی سی بی کے اس اقدام کو خوب سراہا۔
