اداکارہ ثنا فخر14 برس بعد شوہرسےعلیحدہ کیوں ہوگئیں؟

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف جوڑی اداکارہ ثنا اور فخر جعفری نے زندگی کے نشیب و فراز کے 14 برس اکٹھے گزارنے کے بعد اپنی راہیں تو جُدا کر لی ہیں لیکن ابھی تک دونوں کی علیحدگی کی وجہ سامنے نہیں آ پائی کیونکہ بظاہر دونوں ہنسی خوشی زندگی بسر کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ ثنا نے انسٹاگرام پر شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ جدائی تکلیف دہ ہوتی ہے، وہ اپنے شوہر کے ساتھ زندگی کے بہت سارے نشیب وفراز دیکھ چکی ہیں، لیکن اب ہم نے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے اور میں آگے کی زندگی کیلئے اللہ تعالیٰ سے پراُمید ہوں۔ واضح رہے کہ دونوں کی شادی 2008 میں ہوئی تھی اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں انہیں ایک مستحکم جوڑا سمجھا جاتا تھا، ان کے دو بچے بھی ہیں۔ یاد رہے کہ اپنے شوبز کیرئیر کے دوران ثنا کا معروف اداکار جاوید شیخ کے ساتھ سکینڈل بنا تھا لیکن ان کی شادی نہیں ہو پائی تھی۔
14 اکتوبر کو فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ثنا نے ایک پوسٹ میں اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ ’رشتہ ٹوٹنا تکلیف دہ ہوتا ہے لیکن کبھی کبھی رشتہ توڑنا اس وجہ سے ضروری ہوتا ہے کہ آپ خود کو ٹوٹنے سے بچا لیں، میں نے اور فخر نے شادی کے کئی اچھے اور برے سالوں بعد اپنی راہیں جدا کر لی ہیں۔ ثنا نے کہا کہ علیحدگی دل توڑ دینے والا کام ہے لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ خدا نے ہمارے لیے کچھ اچھا سوچا ہوگا، فخر جعفری آپ کے لیے میری نیک تمنائیں ہیں۔
یاد رہے کہ ثنا نے 1997 میں سید نور کی فلم ’سنگم‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا، ’گھر کب آؤ گے‘، ’یہ دل آپ کا ہوا‘، ’دل پردیسی ہو گیا‘، ’چوڑیاں‘، ’کیوں تم سے اتنا پیار ہے‘، ’جیک پوٹ‘، ’رونگ نمبر 2‘ اور ’جنت کی تلاش‘ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
