اداکارہ رانی مکھر جی کی نئی فلم نے ’’پٹھان‘‘ کو کیسے مات دی

بھارتی اداکارہ رانی مکھر جی کا جادو آج بھی مداحوں کے سروں پر چڑھ کر بول رہا ہے، اداکارہ کی نئی فلم ’’ مسز چیٹرجی ورسز ناروے‘‘ نے چار روز میں 8 لاکھ کرون کا بزنس کرتے ہوئے ناروے باکس آفس پر ’’پٹھان‘‘ کو پچھاڑ دیا ہے۔
بالی ووڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کی فلم ’ پٹھان‘ کا چہار سو چرچا ہے، اس فلم سے کنگ خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ہندی فلمی سلطنت کا بادشاہ ان کے سوا کوئی اور نہیں، دنیا بھر میں ان کے پرستار موجود ہیں تاہم ناروے میں رہنے والے ہندی فلموں کے شائقین شاہ رخ خان سے زیادہ بالی ووڈ کی ’رانی ‘ رانی مکرجی کے دیوانے نکلے۔
اس کا ثبوت ماضی کی مقبول ترین ہیروئن کی حالیہ فلم’’ مسز چیٹرجی ورسز ناروے‘‘کی نارویجن باکس آفس پر کارکردگی سے ملتا ہے، رانی مکرجی کی فلم نے ناروے میں نمائش کے لیے پیش کیے جانے کے ایک ہفتے کے دوران آمدنی کے معاملے میں کنگ خان کی فلم ’’پٹھان‘‘ اور ’’ رئیس‘‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
’’ مسز چیٹرجی ورسز ناروے‘‘ نے صرف تین دن میں آٹھ لاکھ کرون کما کر نارویجن باکس آفس پر کسی بھی ہندی فلم کی سب سے زیادہ آمدن کا ریکارڈ قائم کر دیا۔
حال ہی میں پنک ولا کو انٹرویو دیتے ہوئے رانی مکھر جی نے اپنے پسندیدہ کرداروں کے متعلق انکشاف کیا کہ انہیں ہمیشہ پرجوش کردار اچھے لگتے ہیں، رانی مکھر جی نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ آج میرے کیریئر کے اس موڑ پر جو چیز مجھے پرجوش کرتی ہے وہ یہ ہے کہ ہر بار بھارتی خاتون کے نقطہ نظر سے ایک اہم کہانی سنائی جاتی ہے۔
یہی چیز واقعی میرے جذبات کو متحرک کرتی ہے کیونکہ میں ایک خاتون ہوں۔میں خود ایک ہندوستانی خاتون، ایک نوجوان ہندوستانی لڑکی، ایک شادی شدہ ہندوستانی خاتون اور ایک ماں ہوں، اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ ہندوستانی خواتین کے جذبات کو پیش کرنا میرے لیے بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ عالمی سطح پر لوگ یہ دیکھیں کہ ہم ہندوستانی خواتین کیا ہیں جو کہ بہت اہم ہے کیونکہ لوگ اس ملک میں رہنے والی خاتون کی عینک سے سمجھ سکتے ہیں کہ کسی ملک میں کیا ہو رہا ہے۔ اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ جب بھی میں کوئی کردار ادا کر رہی ہوں تو میرے لیے یہ بہت اہم ہے۔
