بھارتی شہریت ملنے پر عدنان سمیع نے پاکستانیوں سے کیا شکوہ کیا؟

پاکستانیوں کو اپنے گانوں اور موسیقی کی دھنوں پر نچانے والے گلوکار عدنان سمیع نے جب بھارتی شہریت حاصل کی تو پاکستانیوں کی جانب سے ان پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔
سنگر اور موسیقار عدنان سمیع نے اپنے سننے والوں کو بہت سے عمدہ گانے دیئے ہیں، ان کا گایا گانا ’تیرہ چہرہ‘ آج بھی پاکستان میں بہت مقبول ہے، بھارتی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق عدنان سمیع جن کا تعلق تو پاکستان سے ہے لیکن وہ 2016 میں انڈین شہری بن گئے تھے، انہیں اپنے اس فیصلے کی وجہ سے بہت تنقید کا سامنا رہا، اور اب اس حوالے سے انہوں نے کُھل کر بات کی ہے۔
عدنان سمیع بہت سے لوگوں کے لیے ایک قابل تقلید نمونہ ہیں کہ کس طرح انہوں نے جسمانی طور پر خود کو تبدیل کیا، وہ اس حوالے سے کئی دفعہ بات کر چکے ہیں، انہیں انڈیا اور دنیا بھر میں موسیقی کے مداحوں سے بے پناہ محبت ملی ہے، عدنان سمیع کے انڈیا میں رہنے کے فیصلے نے کئی افراد کو ناراض کیا اور اُن کے متعلق بہت غلط باتیں کی گئیں۔
حال ہی میں عدنان سمیع نے ’ہیومنز آف بمبئی‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے انڈین شہری بننے کے فیصلے پر پاکستانیوں نے کیا محسوس کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کچھ لوگوں نے کہا، اوہ، اس نے انڈیا کا انتخاب اس لیے کیا ہے کیونکہ وہاں اس کے پاس زیادہ پیسہ ہے، یہ وہاں زیادہ پیسہ کما رہا ہے۔
میں نے کہا ’معاف کیجئے گا، کیا آپ کو اندازہ ہے کہ میرا خاندانی پس منظر کیا ہے؟ کیا آپ کو اندازہ ہے کہ بنیادی طور پر پیسہ میرے لیے کبھی بھی اہم نہیں رہا؟ مجھ پر یہ کرم رہا ہے کہ میری ایک بہت اچھے اور امیر گھرانے میں پرورش ہوئی ہے، بہت سا پیسہ میں نے چھوڑ دیا کیونکہ وہاں (پاکستان) سے وراثت میں مجھے بہت کچھ ملا جو میں نے دے دیا۔
انڈیا میں ملنے والے پیار اور ستائش کے حوالے سے عدنان سمیع نے کہا کہ ’جس طرح کی محبت اور ستائش مجھے یہاں ملی اس نے ایک فنکار کے طور پر مجھے سرشار کیا یہاں گھر جیسا محسوس ہوا۔

Back to top button