اداکارہ عفت عمر عمران خان پر تنقید کیوں کرتی ہیں؟

ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ عفت عمر نے شوبز کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ اچھے کرداروں کی قلت کو قرار دیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ میں نے معیاری کام پر کبھی کمپرومائز نہیں کیا۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ میں نے اداکاری کا چھوڑنے کا فیصلہ اچھے کردار نہ ملنے کے باعث کیا، میں یہ بالکل نہیں کہتی کہ ہماری انڈسٹری میں اچھا کام نہیں ہو رہا تاہم مجھے اچھے کردار نہیں ملے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ میں کسی ایسے کردارکو نبھانا چاہتی ہوں کہ جس میں دیکھنے والوں کیلئے کوئی پیغام ہو، میں بُری ساس، اچھی ساس یا اچھی ماں اور بُری ماں والے کردار ادا نہیں کرنا چاہتی تھی۔ عفت عمر نے کہا کہ میرے اداکاری چھوڑنے سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑا، نہ مجھے کوئی اس حوالے سے یاد کرتا ہے، اداکارہ نے اپنے شو کے مختلف کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے حوالے سے بتایا کہ میں وائرل کوئین ہوں، اور ٹوئٹر پر اکثر اوقات وائرل ہوتی رہتی ہوں۔ یاد رہے کہ عفت عمر پہلے عمران خان کی حمایتی ہوا کرتی تھی لیکن پھر جب وہ ان کی مخالف ہو گئیں تو انہیں سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے ٹرول بریگیڈ نے رگڑا لگانا شروع کر دیا۔ لیکن عفت عمر گھبرائی نہیں اور ان حملوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب دیتی ہیں۔

یاد رہے کہ عفت عمر نے کم عمری میں ہی ماڈلنگ شروع کی تھی اور چند سال ماڈلنگ میں جلوے بکھیرنے کے بعد صرف 24 سال کی عمر میں ہی انہوں نے ماڈلنگ کو خیرباد کہا تھا۔ ان کا شمار 1980 سے 1990 کی مقبول پی ٹی وی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے متعدد لازوال پی ٹی وی ڈراموں میں کام کیا۔انہوں نے نجی ٹی وی چینلز کے ڈراموں میں بھی ہر طرح کے کردار ادا کیے اور گزشتہ برس تک ڈراموں میں دکھائی دیتی رہی ہیں۔ عفت کا شمار معروف میزبان اور کامیڈین میں بھی ہوتا ہے، عفت نے حالیہ برسوں میں سیاسی طنز و مزاح میں بھی اپنا نام بنایا ہے۔ وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سیاسی کامیڈی شو بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں جن میں وہ عمران خان کو کپی تان کہہ کر پکارتی ہیں۔اب انہوں نے شوبز چھوڑ کر مکمل طور پر سوشل میڈیا پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے سیاست پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ ماضی میں وہ عمران خان کی بڑی مداح تھیں اور ان کے لیے شوکت خانم میموریل ہسپتال کے لیے مفت پروگرامات بھی کیے اور تحریک انصاف کے جلسوں میں بھی شریک ہوئیں۔ عفت عمر کا کہنا تھا کہ اس وقت عمران خاموش رہتے تھے مگر حکومت میں آنے کے بعد انہوں نے بولنا شروع کیا اور اتنا بولے کہ خود کو ایکسپوز کر دیا۔ لیکن انہوں نے اقتدار میں پاکستان کی تباہی نکال دی اور ملک کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔انہوں نے بتایا کیا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو ان کے پسندیدہ سیاست دان ہیں اور اگر انہیں کبھی کسی سیاست دان کا کردار ادا کرنے کی پیش کش ہوئی تو وہ بے نظیر بھٹو کا کردار ادا کریں گی۔

Back to top button