اداکار محب مرزا اور صنم سعید کی شادی کنفرم ہو گئی

معروف اداکار محب مرزا اور اداکارہ صنم سعید کی شادی کی افواہیں اب حقیقت کا روپ دھارنے لگی ہیں اور تقریباً کنفرم ہو گئی ہیں۔ یاد رہے کہ دونوں کی پہلی شادیاں ناکام ہو چکی ہیں اور دونوں پچھلے تین برس سے تعلقات میں ہیں لیکن اپنی شادی کی تصدیق نہیں کر رہے۔ لیکن اب صنم سعید کی جانب سے محب مرزا کے ہمراہ ایک ویڈیو شیئر کیے جانے پر ایک بار پھر ان کی شادی کی خبریں وائرل ہو گئی ہیں۔ صنم سعید نے سال 2022 کے اختتام اور 2023 کے آغاز پر انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے سال بھر کی کہانی کو پیش کیا۔
اس ویڈیو میں صنم کو مختلف لوگوں کے ساتھ مختلف مقامات اور علاقوں کی سیر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں اداکارہ نے اپنی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ اور مناظر کی تصاویر بھی شیئر کیں، جس میں ان کے ہمراہ اداکار محب مرزا بھی دکھائی دیے۔
پاکستان شوبز کی ورسٹائل اداکارہ صنم سعید کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی، یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک عرصے سے یہ قیاس آرائیں کی جا رہی ہیں کہ صنم سعید اور محب مرزا شادی کر چکے ہیں تاہم ان کی جانب سے اب تک اس کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ مگر سالِ نو کے آغاز پر اداکارہ صنم سعید کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو کے بعد اداکارہ کی محب مرزا سے شادی کی افواہیں یقین میں بدل گئی ہیں، کیونکہ ان میں کئی تصاویر رومانوی انداز میں لی گئی ہیں۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اداکارہ کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شادی کی مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں معلوم تھا کہ دونوں نے خاموشی سے شادی کر لی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران محب مرزا نے دوسری شادی کا انکشاف کیا تھا تاہم اپنی اہلیہ کا نام یا شادی کے حوالے سے مزید بات نہیں کی تھی، خیال رہے کہ محب نے 2019 میں اہلیہ و اداکارہ آمنہ شیخ سے راہیں جدا کر لی تھیں جبکہ صنم سعید نے بھی 2018 میں اپنے پہلے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اداکارہ آمنہ شیخ اور صنم سعید کے شوہر پہلے ہی دوسری شادیاں کر چکے ہیں۔
