اداکارہ نادیہ جمیل نے اپنے خوبصورت بال کیوں منڈوا دئیے؟

کیموتھراپی کے تکلیف دہ عمل کے ذریعے کینسر کے علاج کے دوران شدید جسمانی نقاہت کا بہادری سے مقابلہ کرنے والی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے اپنے جھڑتے بالوں کی وجہ سے سر ہی منڈوا لیا۔ بالوں کو منڈوانے کی ویڈیو مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے نادیہ جمیل نے کہا کہ بالوں کو خواتین کیلئے حسن کی علامت قرار دیا جاتا ہے تاہم وہ اپنے حسین ترین بال کھونے کے باوجود پر امید ہیں کہ ان کے لیے آنے والا کل گزرے ہوئے کل اور آج سے بہتر ہوگا۔
کینسر کا شکار اداکارہ نادیہ جمیل نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر مداحوں کے ساتھ نہ صرف اپنی تازہ ترین تصاویر شیئر کی ہیں بلکہ انہوں نے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ نادیہ جمیل نے ایک پوسٹ میں اپنے سر کے بال منڈوانے کی ویڈیو بھی شیئر کی اور بتایا کہ کینسر کے علاج کے دوران ان کے بال کمزور ہوچکے تھے اور وہ تیزی سے جھڑنے لگے تھے، جس وجہ سے انہوں نے انہیں آخری بار بڑے پیار سے شیمپو سے دھونے کے بعد منڈوا دیا۔ انہوں نے سر کے بال منڈوائے جانے پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سر کے بال خواتین کی خوبصورتی کی علامت ہوتے ہیں، تاہم وہ اتنی حسین ترین چیز کھونے کے باوجود پر امید ہیں کہ ان کے لیے آنے والا کل گزرے ہوئے کل اور آج سے بہتر ہوگا۔
سر کے بال منڈوانے سے قبل انہوں نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے لیلۃ القدر کی رات اپنے لیے نہیں بلکہ اپنے والدین اور بچوں سمیت اہل خانہ اور دنیا بھر کی ماؤں اور بچوں کے لیے دعائیں مانگیں اور انہیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ انھیں بھی صحت یاب فرمائے گا۔ نادیہ جمیل نے سر کے بال منڈوانے اور دوسری کیموتھراپی کے بعد بھی انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ درد اور تکلیف سمیت کمزوری اور ناامیدی کا مقابلہ کر رہی ہیں، اگرچہ وہ کافی کمزور ہو چکی ہیں اور ان سے نہ ٹھیک طرح سے کھایا جا رہا ہے اور نہ بیٹھا جا رہا ہے تاہم انہیں امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گی۔
نادیہ جمیل نے انسٹاگرام پر اپنی اور ایک خاتون دوست کی تصویر شیئر کی اور مداحوں کو بتایا کہ ان کی ایک دیرینہ دوست نے ان سے اظہار محبت کے طور پر اپنے سر کے بال منڈوالیے۔ نصرت جمیل کی بیٹی اداکارہ نادیہ جمیل نے مداحوں کو بتایا کہ کینسر کے علاج کے دوران وہ ہر روز نئی باتیں سیکھ رہی ہیں، وہ زندگی کو منفرد زاویے سے دیکھنے سمیت اپنی ذات سے متعلق بھی بہت ساری چیزیں سیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں اپنے لیے نیک خواہشات رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کا یہ درد ان کے اور ان کے بچوں کے لیے جلد ختم ہوگا۔
واضح رہے کہ نادیہ جمیل میں رواں برس اپریل میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں مداحوں کو بتایا تھا کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ چار روز میں 2 بار علاج کے لیے ہسپتال جا چکی ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ ’ان میں بریسٹ کینسر کی پہلی اسٹیج ہے اور ٹیومر کا تیسرا گریڈ ہے، انھوں نے خواتین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین کے لیے باقاعدگی سے اپنی جانچ کروانا ضروری ہے، اگر خواتین اپنے اندر کوئی بھی غیر معمولی کیفیت محسوس ہوتی دیکھیں تو وہ فوری چیک کروائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button