اداکارہ نور عباس نے بریک اپ سے بچنے کا فارمولا بتا دیا

معروف ڈرامہ ’’بیگم بادشاہ‘‘ میں مرکزی نبھانے والی اداکارہ زارا نور عباس نے منچلوں کو بار بار ’’بریک اپ‘‘ سے بچنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد سے جلد رشتے میں بندھ جائیں اور شادی کرنے کو ترجیح دیں۔
زارا نور عباس نے احمد بٹ کے ٹی وی شو میں بتایا کہ انہیں ’’بیگم بادشاہ‘‘ کے کردار کیلئے کوئی خاص محنت نہیں کرنی پڑی، وہ پہلے ہی اس طرح کے کرداروں کو اسکرین پر دیکھتی رہی تھیں۔ ایک سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ ’زیبائش‘ ڈرامے میں وہ، ان کی والدہ، خالہ بشریٰ انصاری اور شوہر اسد قریشی اس لیے ایک ساتھ کام کر رہے ہیں، کیونکہ انہوں نے پہلے یہی ڈراما گھر کے کچن میں ایک ساتھ کیا تھا، اور پھر اسے سکرین پر لانے کا منصوبہ بنایا۔ زارا نور عباس نے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر ایک دوسرے کی اداکاری پر خوب تنقید کرتے ہیں، تاہم ایک دوسرے کو سپورٹ بھی کرتے ہیں، انکا کہنا تھا کہ انکا اپنے شوہر اسد قریشی سے بہت ہی کم تنازع ہوتا ہے، انہوں نے بتایا کہ میں نے حال ہی میں شوہر کے ساتھ اس بات پر جھگڑا کیا تھا کہ وہ صبا قمر کے ساتھ کام کیوں کر رہے ہیں؟
لیکن زارا نور عباس نے وضاحت کی کہ وہ صبا قمر کے ساتھ خود کام کرنا چاہتی ہوں، انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ اگر انہیں صبا قمر کے ساتھ کام کرنے کے لیے اسکرین پر مرد بننا پڑے تو بھی وہ یہ کر گزریں گی۔ زارا نے ایک سوال پر انکشاف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں جب بھی کوئی اداکارہ شادی کرتی ہیں تو برانڈز ان کے ساتھ کام کرنا کم کر دیتے ہیں لیکن جیسے ہی کوئی اداکارہ حاملہ ہوتی ہیں تو سب برانڈز ان کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، جلد شادی کرنے کے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ اس کے بہت سارے فائدے ہوتے ہیں، بندہ کام پر فوکس کرتا ہے اور اسے اِدھر اُدھر سے بریک اپ نہیں کرنے پڑتے۔
خیال رہے کہ زارا نور عباس نے اسد قریشی سے دسمبر 2017 میں شادی کی تھی، جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی متوقع پیدائش کی خبریں ستمبر 2021 میں آئی تھیں، جس پر بعد ازاں یہ خبریں وائرل ہوئیں کہ اداکارہ کا حمل ضائع ہوگیا ہے۔ اس پر رواں برس جنوری میں اسد قریشی نے بتایا تھا کہ ان کی اہلیہ کا حمل ضائع نہیں ہوا تھا بلکہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی مگر وہ فوری انتقال کر گئے تھے۔
خیال رہے کہ زارا نور عباس نے اسد قریشی سے دوسری شادی کی تھی، اس سے قبل انکی پہلی شادی 2014 میں بیرون ملک رہائش پذیر ایک شخص سے ہوئی تھی مگر 2017 کے آغاز میں ہی ان کی طلاق ہوگئی تھی۔ پہلی شادی کی ناکامی پر زارا نور عباس ماضی میں کھل کر بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ شوہر کی جانب سے اداکاری کی اجازت نہ دیئے جانے کی وجہ سے ہی ان کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے اور ان کی طلاق ہوئی۔ تاہم اب وہ ہنسی خوشی زندگی بسر کر رہی ہیں چونکہ ان کے شوہر انہیں سمجھتے ہیں اور ان کو سپورٹ کرتی ہیں۔
