اداکارہ ہُما قریشی ’’انقلابی‘‘ بننے کیلئے کیوں تیار نہیں

معروف بھارتی اداکارہ ہما قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کسی صورت بھی انقلابی نہیں ہیں نہ ہی کسی ’’متھ‘‘ کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہیں، دقیانوسی تصورات کو اب ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔بھارتی ٹی وی شو ’ای ٹائمز‘ سے بات چیت کے دوران ہما قریشی نے کہا کہ ’میں انقلابی نہیں ہوں اور نہ ہی میں کوئی مثال قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہوں، میں صرف اپنی زندگی اپنی سچائی سے جی رہی ہوں، جب میں انڈسٹری میں آئی تو میں نے اپنے بارے میں کچھ مضامین پڑھے تو سوچا کہ لوگ کسی کے بارے میں ایسا کیوں محسوس کرتے ہیں۔ میں تو جیسا پسند کرتی ہوں، ویسا لباس پہنتی ہوں، میں وہ فلمیں کرتی ہوں جو میں کرنا چاہتی ہوں اگر اس سے کوئی دقیانوسی تصورات ٹوٹتے ہیں تو شاید ایسا ہی ہو، لیکن ایسا کچھ بھی دانستہ نہیں۔اداکارہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے، لیکن انہیں ایسا محسوس نہیں ہوتا کہ ان کی جگہ نہیں لی جا سکتی، خود سے محبت اور خود کی دیکھ بھال نے انہیں برے دنوں میں بہت سہارا دیا، مجھے لگتا ہے کہ ہر اداکار یا ہر انسان کو کسی نہ کسی طرح کی سیلف تھراپی یا خود کی دیکھ بھال پر عمل کرنا چاہئے کیونکہ اس میں آپ کو ایک طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ہما قریشی بالی وڈ کا ابھرتا ہوا نام ہیں، ان کی پیدائش دہلی میں 28 جولائی 1986 کو ہوئی تھی۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی کے گارگی کالج سے گریجوایشن کرنے کے بعد، اداکاری کی طرف قدم بڑھایا تھا، وہ کئی تھیٹر گروپس سے وابستہ تھیں، اداکارہ کو پیسے کی کوئی پریشانی نہیں، وہ بھی اکثر نوجوانوں کی طرح فلموں میں قسمت آزمانے کے لیے ممبئی آئیں۔ ہما قریشی 2008 میں ممبئی پہنچیں اور کئی فلموں کے لیے آڈیشن دیئے۔ کافی مشقت کے بعد انہیں ہندوستان یونی لیور کے کچھ پروڈکٹس کے لئے شوٹ کرنے کا موقع ملا۔ہما قریشی عامر خان، کنگ خان‘ شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں، کہا جاتا ہے کہ ایک بار جب ہما قریشی کسی موبائل فون کا اشتہار شوٹ کر رہی تھیں، تب انوراگ کشپ کی نظر ان پر پڑی اور وہ ہُما قریشی کی اداکاری سے متاثر ہوئے۔ انوراگ کشپ نے انہیں فلم ’گینگ آف واسع پور‘ کے لیے منتخب کیا۔ فلم میں نواز الدین صدیقی کے ساتھ ان کی کیمسٹری کو ناظرین نے کافی پسند کیا تھا۔

Back to top button