اراکین قومی اسمبلی کا پٹرول کی قیمت 50 روپےتک کم کرنےکا مطالبہ

عالمی منڈی میں خام تیل کی مسلسل گراوٹ کے بعد اراکین اسمبلی نے حکومت سے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ پٹرول کی قیمت 50 سے 55 روپے کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی میں مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی ہے جس کے بعد پٹرول کی قیمت 50 ڈالر سے 28 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی ہے، اس حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ستارہ ایاز نے کہا کہ مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے حکومت کو چاہیے کہ اس سنہرے موقعے کو ہاتھ سے نہ جانے دے۔ تاہم مجھے معلوم ہے کہ یہ حکومت اس موقع کو اچھی طرح استعمال نہیں کرسکے گی۔ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کسی کو مہنگائی کا پوچھتے ہیں تو کہا جاتا ہے پٹرول مہنگا ہوگیا ہے۔ اشیاء کی آمد و رفت پر خرچہ بڑھ گیا ہے۔ پٹرول کا اثر تمام تر ضروریات اشیاء کی چیزوں پر پڑتا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش لعل نے کہا کہ پٹرول زیادہ سے زیادہ 70 روپے تک ہونا چاہیے۔ حکومت نے صرف 5 روپے فی لیٹر پٹرول کی قیمت کم کی جو ایک لالی پوپ ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی مولانا اکبر چترالی نے کہا کہ پٹرول کی قیمت 50 سے 55 روپے تک ہونا چاہیے۔ تحریک انصاف کے رہنما علی اعوان نے کہا کہ حکومت نے 5 سے 7روپے تک کا ریلیف دے دیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ 5 روپے کم کرکے بڑا ریلیف دکھانا جعلسازی ہے۔
