الیکشن اورنیب اصلاحات ہمارا گیم پلان ہے

شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے کہا کہ انتخابی اور نیب اصلاحات ہمارا گیم پلان ہے، اس کے بعد ہی الیکشن کرائیں گے۔
سابق صدر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کہتا آیا ہوں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی مگر کسی نے بات نہیں سنی، سیاسی فورسز کی مدد سے ہم نے حکومت بنالی ہے لیکن اس کیلئے پی ٹی آئی نے وزیراعظم بنانے کے لیے ہمیں کوئی ایک ووٹ بھی نہیں دیا۔
شریک چیئرمین نے کہا کہ اب وہ چاہتے ہیں الیکشن ہوں تو ہم نے کب کہا کہ ہم الیکشن سے ڈرتے ہیں، ہمارے گیم پلان میں انتخابی اور قومی احتساب بیورو (نیب) کی اصلاحات ہیں، یہ سب اصلاحات کرنے ہیں جس سے معاشی حالات بہتر ہوں۔
آصف زرداری کے مطابق جس حال پر اس وقت معیشت ہے، میں منفی اصطلاح استعمال نہیں کرنا چاہتا کہ لوگ آپ کو پیسہ بھی نہیں دینا چاہتے ہیں اور آپ کا اسٹاک ایکسچینج کھڑا ہو گیا ہے، سٹاک ایکسچینج پرویز مشرف کے زمانے میں 9 ہزار تھا جب ہم نے چھوڑا تو تقریباً 26 ہزار تھا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ میاں صاحب سے مشاورت کے بعد بات کر رہا ہوں کہ جیسے ہماری اصلاحات پورے ہوتے ہیں مثلاً اس وقت تیل مہنگا ہے تو تیل کہاں سے سستا لائیں گے، ہمیں مذاکرات کرنے ہوں گے، سعودی عرب نے پہلے 10 لاکھ بیرل کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے تعلقات اچھے ہیں اور وہ ان سے بات کریں گے اور جہاں تک عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا تعلق ہے، توجب پروگرام نہیں آجاتا تو ہمارے پاس مشکلات ہیں، تیل کی قیمت ہم نہیں بڑھانا چاہتے ہیں۔
