انتخابی اصلاحات کیلئے قانون سازی پر حتمی مشاورت شروع

وفاقی حکومت نے انتخابی اصلاحات سے متعلق قانون سازی پر حتمی مشاورت کا آغاز کر دیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب سے متعلق حکومت کے فیصلے نے اپوزیشن کے ساتھ تعلقات کو مزید خراب کر دیا۔
حکومتی ذرائع نے انکشاف کیا کہ سپیکر قومی اسمبلی ایک مرتبہ پھر اپوزیشن اور حکومتی پارلیمانی لیڈرز کو متحد کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ، انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے حوالے سے حزب اختلاف کی جماعتوں نے کوئی سنجیدہ رویہ نہیں اپنایا ہے ، حزب اختلاف کی جماعتوں نے ماضی کی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑی اور بااختیار پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی شرط رکھ دی ہے۔
حزب اختلاف کی جماعتوں نے ہٹ دھرمی نہ چھوڑی تو مشترکہ پارلیمانی کارروائی کی جانب جانا پڑے گا ، حزب اختلاف کی جماعتوں سے ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی کوشش کی جائے گی ، اس بات کا قوی امکان ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے۔
سربراہی اجلاس میں بھی انتخابی اصلاحات، حکومت کے رویے اور چیئرمین نیب توسیع کے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔
