انگلینڈ نے افغانستان، نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دیدی

ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے ابتدائی دو میچز میں نیوزی لینڈ ٹیم نے آسٹریلیا کو 89 رنز ، جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی، سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن نے ابتداء میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور محض 16 گیندوں پر 42 کی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، ڈیون کانوے نے انکا بھرپور ساتھ دیا۔
فن کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان کین ولیمسن 23، گلین فلپس 12 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ڈیون کانوے نے 53 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 6 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔آسٹریلیا کی جانب سے کوئی بالر خاطر خواہ کارکردگی دیکھانے کامیاب نہ ہوسکا، جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ ایڈم زمپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کا آغاز نہایت مایوس کن رہا، کینگروز کی ٹیم ہوم گراؤنڈ میں 20 اوورز بھی نہ کھل سکی، 17.1 اوورز میں 111 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
اوپنر ڈیوڈ وارنر 5، کپتان ایرون فنچ 13، مچل مارش 16، مارکس اسٹونس 7، ٹم ڈیوڈ 11 اور میتھیو ویڈ 2 رنز بناسکے۔ کینگروز کی جانب سے گلین میکسویل نے 28 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔کیوی بالرز کی جانب سے مچل سینٹنر نے 3، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے 2، 2 جبکہ لوکی فرگوسن اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔پرتھ میں کھیلے گئے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ 113 رنز کا ہدف 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔انگلینڈ کی جانب سے لائم لِیونگسٹون 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جبکہ ایلکس ہیلز 19، کپتنا جوس بٹلر اور ڈیوڈ ملان 18، 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی، مجیب الرحمان، راشد خان، فرید احمد اور محمد نبی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل افغانستان کی ٹیم انگلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 ویں اوور میں 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔افغانستان کی جانب سے ابراہیم زردان 32 اور عثمان غنی 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے 10 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارک ووڈ اور بین اسٹوکس 2، 2 اور کرس ووکس 1 وکٹ حاصل کر سکے۔
