ٹرائی نیشن سیریز:ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستان کو 25 رنز سے شکست

آئرلینڈ میں جاری ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم نے پاکستان کو 25 رنز سے شکست دے دی۔ ڈبلن کے شہر کاسل ایونیو کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 200 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 174 رنز ہی بنا سکی۔ جس کی وجہ سے پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستانی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کرنے کی کوشش کی، تاہم ویمن ٹیم کیلیئے وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث مطلوبہ رن ریٹ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا۔ مڈل آرڈر بیٹرز نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن ویسٹ انڈیز کی منظم بولنگ اور دباؤ نے پاکستان کو بڑا سکور حاصل کرنے سے روک دیا جبکہ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی بیٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھائی اور پاکستانی بولرز کے خلاف تیز رفتار رنز سکور کئے اور مقررہ 20اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کیلئے 200رنز کا ہدف دے دیا تاہم پاکستانی ٹیم 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان کے ساتھ صرف 174رنز بنا سکی اس طرح پاکستان کو 25رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ماہرین کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم کی جانب سے چند کھلاڑیوں نے اچھی انفرادی اننگز کھیلیں، لیکن شراکت داریوں کی کمی اور آخری اوورز میں وکٹوں کے نقصان نے ٹیم کی امیدوں کو متاثر کیا۔ تاہم کپتان فاطمہ ثناء کی قیادت میں پاکستان ویمن ٹیم اب سیریز کے آئندہ میچز میں کم بیک کی کوشش کرے گی۔ گرین شرٹس اپنا اگلا میچ میزبان آئرلینڈ کے خلاف کھیلیں گی، جہاں ٹیم فتح حاصل کرکے ایونٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کی کوشش کرے گی۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم کو بولنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ اور ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ میچز اور عالمی ایونٹس میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

خیال رہے کہ ڈبلن میں کھیلی جانے والی یہ ٹرائی نیشن سیریز آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ سمجھی جا رہی ہے، اسی لیے شریک ٹیمیں اپنے بہترین کمبی نیشن آزما رہی ہیں۔

واضح رہے کہ آئرلینڈ میں سیریز مکمل کرنے کے بعد پاکستان ویمن ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگی، جہاں وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ ٹرائی سیریز کے میچز عالمی ایونٹ سے قبل کھلاڑیوں کو بہترین کمبی نیشن اور اعتماد فراہم کریں گے۔

 

Back to top button