اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود سلیکٹڈ کو جانا ہی پڑے گا

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت جتنے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر لے کارکنوں کے جذبے پست نہیں کر سکتی۔
ملتان سے ن لیگ کے رہنما عبدالغفار ڈوگر کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عبدالغفار ڈوگر کا جرم یہ ہے کہ وہ نواز شریف کے بیانیے کا علم بلند کیے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اتنا خوف ہے کہ ہر جلسے سے پہلے رہنماؤں پر کریک ڈاؤن شروع ہو جاتا ہے، لیکن حکومت کو گھر تو جانا ہی پڑے گا۔مریم نواز نے کہا کہ کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت جتنے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر لے کارکنوں کے جذبے پست نہیں کر سکتی۔
مریم نواز کا اپنے ایک اور پیغام میں مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ووٹ ڈالنے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل شفاف بنائے۔مریم نواز نے گلگت بلتستان کی خواتین کو قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ الیکشن میں خواتین کی بھرپور شمولیت خوش آئند ہے۔ مریم کا کہنا تھا کہ مشکل موسمی حالات میں گلگت بلتستان کے عوام کو ووٹ ڈالنے پر سلام پیش کرتی ہیں۔لیگی رہنما نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن ووٹ ڈالنے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل شفاف بنائے۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں سخت سردی اور برفباری کے باوجود بھی عوام کی بڑی تعداد ووٹنگ عمل کا حصہ بنی ہے۔
