سانحہ کشمور: گورنر سندھ کا متاثرہ بچی کیلئے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان

گورنر سندھ نے کہا ہے کہ سانحہ کشمور کی متاثرہ کم کسن بچی کی والدہ کو 5 لاکھ روپے دیے ہیں تاکہ غربت کے ہاتھوں مجبور ہو کر وہ جہاں پہنچی تھیں دوبارہ ایسا نہ ہو۔
قومی ادارہ برائے اطفال (این آئی سی ایچ) میں سانحہ کشمور کا شکار بچی کی عیادت اور بچی کی والدہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیر بحری امور علی زیدی نے بچی کی تعلمی کفالت کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچی کی والدہ کو میری ٹائم میں ملازمت بھی دی جائے گی۔ عمران اسمٰعیل نے بتایا کہ انہوں نے ڈاکٹروں کو وزیراعظم عمران خان کا پیغام پہنچادیا کہ اگر ملک میں بچی کے علاج کی سہولت کا فقدان ہے تو بیرون ملک علاج کے تمام اخراجات حکومت پاکستان اٹھائے گی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے حکومت سندھ کی جانب سے کشمور سانحہ پر بروقت اقدامات پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ انہوں نے ضرورت مند کی فریاد پر فوری ایکشن لیا۔ انہوں نے کہا کہ بچی کی بازیابی کے لیے کوشاں پولیس کے تمام اہلکاروں بلخصوص اے ایس آئی کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ملوث عناصر کے خلاف اے ایس آئی محمد بخش کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں اور اعلیٰ جرات کا مظاہرہ کرنے پر محمد بخش کو اعلی ترین سول ایوارڈ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے محمد بخش کو فون کرکے شاباش دی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ‘اس طرح کے معاملات میں ملزم کی سوچ کا تعین کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن ایکشن فوری ہوجاتا ہے اور اس کا ازالہ ہوتا ہے۔ عمران اسمٰعیل نے کہا کہ جرائم کی شرح دنیا بھر میں ہے اور جب عوام کو پولیس، رینجرز اور فوج پر بھروسہ ہوتا ہے تو اللہ کے بعد ان ہی پر بروسے کے بدلے عوام اپنے بچوں کو باہر جانے کی اجازت دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ ضلع کشمور میں مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والی ماں اور بیٹی کو این آئی سی ایچ کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ این آئی سی ایچ کے ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ 4 سالہ بچی ممکنہ طور پر جان لیوا انفیکشنز کا شکار ہے۔ این آئی سی ایچ کے سربراہ پروفیسر جمال رضا کا کہنا تھا کہ ’اگرچہ بچی کے اعضائے رئیسہ بہتر حالت میں ہیں اور بچی وینٹی لیٹر کے بغیر سانس لے پارہی ہے لیکن وہ متعدد خطرناک جان لیوا انفیکشنز کا شکار ہے، مزید یہ کہ صورتحال دوسری سمت میں جاسکتی ہے کیونکہ یہ وائرس پورے جسم میں پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے‘۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button