آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین ہالی ووڈ فلم کی ہدایتکارہ بن گئیں


اپنی دستاویزی فلموں سے 2 آسکر اور 4 ایمی ایوارڈز جیتنے والی معروف پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے جلد ہی اپنی پہلی سائنس فکشن ہالی ووڈ فلم کی ہدایات دیتی دکھائی دیں گی۔

اس سے پہلے شرمین عبید چنائے نے اپنی دستاویزی فلموں سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی ہے، حال ہی میں انہوں نے اپنی پہلی میگا بجٹ ہالی ووڈ امریکی سائنس فکشن ویب سیریز ’’مس مارول‘‘ کی ہدایات بھی دی تھیں، اب خبر سامنے آئی ہے کہ وہ سائنس فکشن فلم کے ذریعے ہالی ووڈ میں ڈائریکٹوریل ڈیبیو کریں گی۔

شوبز ویب سائٹ ’ڈیڈ لائن‘ نے اپنی خصوصی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ شرمین عبید چنائے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ول سمتھ سمیت دیگر افراد کی جانب سے پروڈیوس کی جانے والی سائنس فکشن فلم بریلینس (Brilliance)کی ہدایات دیں گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بریلینس (Brilliance) کی کہانی مارکس سیکی کے اسی نام کے ناول سے ماخوذ ہے، جس کی فلمی کہانی اکیوا گولڈس مین لکھیں گے جوکہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہوں گے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ فلم کو ول اسمتھ سمیت متعدد افراد پروڈیوس کریں گے اور اسے پیراماؤنٹ پیکچر کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔ ممکنہ طور پر فلم میں ول اسمتھ بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، کیوں کہ ابتدائی بات چیت میں انہیں کاسٹ کرنے کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ بتایا گیا کہ شرمین عبید چنائے اس وقت فلم کو پروڈیوس کرنے والی مختلف کمپنیوں سے بات چیت میں مصروف ہیں اور ممکنہ طور پر آئندہ چند ہفتوں میں معاملات طے پا جائیں گے۔

اگر شوبز ویب سائٹ کی خبریں درست ثابت ہوئیں تو فلم کے حوالے سے رواں برس کے اختتام تک مزید مصدقہ معلومات سامنے آ جائیں گی اور ممکنہ طور پر فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع کر دی جائے گی اور اسے 2024 کے آغاز تک ریلیز کیا جا سکتا ہے۔

Back to top button