اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

حکومت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تصدیق کی۔اس سے قبل ٹوئٹر پر جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کی اطلاع دی۔فواد چوہدری نےکہا کہ کابینہ کی منظوری اور قانونی ضابطے مکمل ہونے پر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا اور اس حوالے سے ریکارڈ بھی اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے۔
کابینہ کی منظوری اور قانونی ضابطے مکمل ہونے پر نون لیگ کے رہنما شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈال دیا گیا ہے اور متعلقہ ریکارڈ اس ضمن میں اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 17, 2021
واضح رہےکہ شہباز شریف نے بلیک لسٹ میں نام موجود ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی تاہم گزشتہ ہفتے بیرون ملک روانگی کے لیے جب شہباز شریف لاہور ائیرپورٹ پہنچے تو امیگریشن حکام نے انہیں پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جس پر اپوزیشن لیڈر واپس گھر روانہ ہوگئے۔
