ایئر سیال کو لائسنس جاری کردیا گیا

ایک نئی مسافر فضائی کمپنی ائیر سیال کو اندرون ملک پرواز کےلیے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس جاری کردیا گیا۔ ایئر سیال نے فضائی میزبانوں اور دیگر اسٹاف کی بھرتیوں کا آغاز بھی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اندرون ملک ہوائی سفر کرنے والوں کےلئے نئے سال کی نئی خوشخبری سامنے آگئی ہے، وفاقی حکومت نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے زیرانتظام ایئرسیال کو ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ کا لائسنس جاری کردیا ہے۔ ایئر سیال پہلے مرحلے میں ایک سال تک کے عرصے کےلیے اندرون ملک فضائی آپریشن چلائے گی۔ پہلے مرحلے میں ایئر سیال کی جانب سے کراچی ،لاہور،اسلام آباد، سیالکوٹ،فیصل آباد اور پشاور کی سروسز شروع کی جائیں گی، ایئر بس اے 320 اور بوئنگ 787 طیارے آپریٹ کئے جائیں گے۔
ایئر سیال نے فضائی میزبانوں اور دیگر اسٹاف کی بھرتیوں کا آغاز کر دیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر سیال کے دفاتر بھی قائم کر دیئے ہیں، جناح ایئرپورٹ پر ایئر سیال کا بکنگ آفس تیار کردیا گیا۔ واضح رہے کہ ایئر سیال پہلے مرحلے میں ایک سال تک اندرون ملک کا فضائی آپریشن چلائے گی، بین الاقوامی فضائی آپریشن نہیں چلا سکے گی۔ اس ضمن میں ترجمان سی اے اے کا کہنا پے کہ سی اے اے قوانین کے مطابق کوئی بھی نئی ایئر لائن کم از کم 3 طیاروں سے ایک سالہ مدت تک اندرون ملک پروازیں آپریٹ کرتی ہے، ایک سالہ کامیاب مدت مکمل کرنے کے بعد بیرون ملک پروازوں کی اجازت دی جاتی ہے۔
