این اے 168 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

حلقے میں 4 لاکھ 83 ہزار 143 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں

بہاولپور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

حلقہ این اے 168 میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 83 ہزار 143 ووٹرز ہیں۔ ضمنی انتخاب کے موقع پر 292 پولنگ اسٹیشنز اور 896 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 16 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

حلقہ این اے 168 میں مجموعی طور پر 20 امیدوار ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان مقابلہ اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ نشست ملک اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ان کے صاحبزادے منیر اقبال چنڑ کو مسلم لیگ ن کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کی حمایت بھی حاصل ہے، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کی حمایت ان کے والد اور رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ کر رہے ہیں۔

ضمنی انتخاب کے دوران سیکیورٹی کیلئے 3 ہزار 22 پولیس جوان، افسران اور دیگر اہلکار حفاظتی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

Back to top button