این اے 249 : ن لیگ کا نتائج ماننے سے انکار، فارنزک آڈٹ کا مطالبہ

پاکستان مسلم لیگ ( ن) نے این اے 249 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج ماننے سے انکار کردیا اور 15 پولنگ اسٹیشنز کے فارنزک آڈٹ کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے ڈی آر او دفتر کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کو 190 پولنگ اسٹیشنز تک برتری حاصل تھی، تاخیر سے آنے والے نتائج میں ہم نیچے آئے، مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیششن 260 اور 261 کے پریذائیڈنگ افسران نے فارم 45 جمع نہیں کروایا، دونوں پریذائیڈنگ افسر اپنا دفتر بند کرکے چلے گئے، دو پولنگ اسٹیشن کے فارم 45 کی کاپی پولنگ ایجنٹ کو نہیں دی گئی ، اتنا کم ٹرن آؤٹ ہوا تو گنتی تیزی سے ہونی چاہیے تھی۔ ترجمان ن لیگ محمد زبیر نے کہا کہ کراچی میں پریذائیڈنگ افسر کا غائب ہونا عجیب بات ہے، کم ٹرن آؤٹ میں ووٹوں کی گنتی میں اتنا لمبا وقت نہیں لگنا چاہیئے تھا۔ دوسری طرف حکمران جماعت پی ٹی آئی کے امیدوار امجد آفریدی نے الیکشن کمیشن میں 3 درخواستیں جمع کرتے ہوئے 2 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کر دی ، پی ٹی آئی امیدوار امجد آفریدی نے الیکشن کمیشن سے دوبارہ گنتی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشن 260 اور 261 میں دوبارہ گنتی کرائی جائے۔ پی ٹی آئی امیدوار نے الیکشن کمیشن کو دی گئی پہلی درخواست میں کہا کہ گنتی میں شفافیت کو نظر انداز کیا گیا، ان کی جانب سے دوسری درخواست میں الیکشن کمیشن کو 21 پولنگ اسٹیشنز میں فارم 45 کے حصول میں مشکلات سے آگاہ کیا گیا، جب کہ تیسری درخواست میں انہوں نے بعض پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ کا مطالبہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button