این سی اوسی نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر17 مئی تک پابندی عائد کردی

این سی اوسی نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر17 مئی تک پابندی عائد کردی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں 2 دن ہفتہ اور اتوار مکمل بند ہوگی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی کا فیصلہ صوبوں کی تجویز پر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال اور این اوپیز پر عملدرآمد کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیہ این سی اوسی میں بتایا گیا کہ سائینو فورم کی 5 لاکھ ڈوزز آج پاکستان پہنچ جائیں گی۔ پی اے ایف کے خصوصی طیارے سے سائینو فورم کی ڈوزز آئیں گی۔ کورونا کے پھیلاؤ والے شہروں میں لاک ڈاؤن کی تجاویز پرغور کیا گیا۔ کورونا کیسز کے زیادہ شرح والے شہروں میں حالات بدستور برقرار رہے اور ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو لاک ڈاوَن لگایا جاسکتا ہے۔ لاک ڈاون کا فیصلہ تمام فریقین سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ مارکیٹوں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی ادارے مکمل بند کرنے کی تجاویز ہیں۔ ایس اوپیز پر عملدرآمد کروانے کےلیے صوبائی حکومتوں کی درخواست پر فوج، ایف سی اور رینجرز کے ذریعے مدد فراہم ہوگی۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر17 مئی تک پابندی عائد کردی گئی ہے۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ 17مئی تک ہفتے میں 2 دن ہفتہ اور اتوار کو بند ہوگی۔ 60 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو واک ان ویکسی نیشن کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں آکسیجن کی سپلائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کیسز میں اضافے کے پیش نظر 6 ہزار 901 بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ آکسیجن سپلائی کی بھی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ اسپتالوں کو 2 ہزار811 آکسیجن بیڈز، 431 وینٹی لیٹرز اور ایک ہزار 196 آکسیجن سلنڈر بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button