بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیپرا کو کھلی چھٹی

حکومت نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی( نیپرا) کو بجلی جب چاہے مہنگی کرنے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں نیپرایکٹ میں ترمیم کی گئی۔ جس کو منظوری کیلئے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔مذکورہ ترمیم کے مطابق نیپرا جب چاہے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر سکے گی اوربجلی کی قیمت میں اضافے کیلئے حکومت سے اجاز ت کی مجاز نہیں ہوگی۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپراکو بجلی کی قیمت میں اضافے کا اختیار آئی ایم ایف کے دباوٴ پر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا تھا کہ نیپرا کو خود ہی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی اجازت دی جائے، تاہم نیپرا کو بجلی قیمت کم یا زیادہ کرنے پر دلائل دینا ہونگے۔
واضح رہے گزشتہ ایک سال کے دوران بجلی کی قیمتوں میں کئی بار اضافہ کیا گیا ۔ جس پر کئی بار نیپرا کی جانب سے قیمتوں میں اضافے پر وضاحتی نوٹ بھی جاری کرنا پڑا۔ حال ہی میں نئے سال کے آغاز پر نیپرا کی جانب سے 4 روپے سے زائد بجلی یونٹ مہنگا کیا گیا تھا۔ نئے سال کا خوفناک تحفہ، بجلی کی قیمت میں 4 روپے سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا، اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر ہوگا، نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین سے 106 ارب روپے وصول کرنے کی اجازت دیدی، فی یونٹ ٹیرف 12 روپے 81 سے بڑھا کر 17 روپے 69 پیسے فی یونٹ کر دیا تھا ۔
نئے سال کے آغاز میں بجلی کے نرخ طے کرنے والے ادارے نیپرا نے کراچی کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی تھی۔ اسی طرح دیگر صارفین پر بھی کئی بار بجلی کی قیمتیں بڑھا کر حکومت بجلی بم گرا چکی ہے، تاہم پہلے بجلی کی قیمت میں اضافے کیلئے نیپرا کو حکومت سے اجازت لینا پڑتی تھی، لیکن پارلیمنٹ سے ترامیم پاس ہونے کے بعد نیپرا کو یہ اجازت نہیں لینا پڑے گی۔ نیپرا جب چاہے قیمتوں میں اضافہ کر سکے گا۔ جس سے عوام کیلئے مشکلات بڑھنے کا خطرہ ہے۔
