بلاول نے آٹے بحران کا ذمہ دار وزیراعظم کو قرار دیدیا

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری نے ملک بھر میں آٹے کے بحران کی وجہ وزیراعظم عمران خان کو قرار دیدیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 40 ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر بحران جان بوجھ کر آٹے کا بحران پیدا کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے گندم پیدا کرنے والے ملک کو گندم درآمد کرنے والا ملک بنادیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مخصوص دوستوں کو نوازنے کےلئے آٹے کا بحران پیدا کیا، حکومت کے گودام آٹے سے بھرے ہوئے ہیں مگر عام آدمی کو سپلائی نہیں دی جارہی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے نوٹس لینے سے کام نہیں چلے گا، سلیکٹڈ وزیراعظم ناکام ہوچکا ہے، خیبرپختونخوا کو آٹے کی سپلائی پانچ دنوں سے بند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر عوام کو فائن آٹا نہ کھانے کے مشورے دے رہے ہیں، ایک ہفتے میں دوسری بار آٹا مہنگا ہوا یہ حکومت کی مکمل ناکامی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں تاریخ کی مہنگی قیمتوں پر آٹا فروخت ہورہا ہے،کوئی پوچھنے والا نہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لے لیا ہے اور آٹے کے بحران سے نمٹنے کےلئے گرینڈ آپریشن کی ہدایت کی ہے۔
