ملک میں بڑھتی مہنگائی،مریم اورنگزیب نے کپتان کی کلاس لے لی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی مہنگائی کی شدت میں اضافے کی مذمت اور اشیائے خورونوش سستی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہناہے کہ عمران خان ایک عذاب بن کر قوم پر نازل ہوئے اور ہر گزرتے دن اس عذاب کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے 16 ماہ میں نواز شریف کے ترقی کرتے ملک کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا اور عوام سے صرف اُن کو رلانے کا وعدہ پورا کیا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ محکمہ شماریات کے اعدادوشمار عمران خان کی نالائق حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے ۔سرکاری محکمے خود گواہی دے رہے ہیں کہ ملک نالائق ترین ٹولے کے رحم وکرم پر ہے، بجلی اور گیس سے لے کر دال، سبزی اور ٹماٹر تک ہر چیز مہنگائی کا ریکارڈ توڑ چکی ہے۔ عمران خان اپنی حکومت میں اتنی مہنگائی کر چکے ہیں کہ غریب اپنی غربت کیساتھ ختم ہو جائے گا۔جو حکومت سستا ٹماٹر، پیاز اور سبزی نہیں دے سکتی، عوام کو ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر کیسے دے سکتی ہے۔
