بلوچستان میں ’اومیکرون‘ کے 12 مشتبہ کیسز رپورٹ
اومیکرون وائرس کے 12 مشتبہ کیسز بلوچستان میں رپورٹ ہوئے ہیں، نئے ویرینٹ کی تشخیص بلوچستان کے شہر قلات میں ہوئی، مشتبہ کیسز کے نمونے تصدیق کیلئے قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی ایچ ڈی) بھجوا دیئے گئے۔
ڈاکٹر نقیب اللہ نے بتایا کہ نمونوں کی رپورٹ موصول ہونے پر اومیکرون کی تصدیق ہو سکے گی تاہم متاثرہ افراد کو قرنطینہ کر دیا گیا، اس سے قبل سندھ میں بھی ’اومیکرون‘ ویرینٹ کے 2 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 دسمبر کو پاکستان میں کرونا وائرس کے انتہائی متعدی ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے پہلے ’مشتبہ‘ کیس کی تشخیص کراچی میں ہوئی تھی، دوسرا کیس بھی کراچی میں ہی 9 دسمبر کو رپورٹ ہوا تھا اور قومی ادارہ صحت کی جانب سے اس کی تصدیق 13 دسمبر کو کی گئی۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کی تشخیص سب سے پہلے نومبر میں جنوبی افریقہ اور اس کے بعد ہانگ کانگ میں کی گئی تھی، نئے ویرینٹ کے سامنے آنے پر این سی او سی کی جانب سے مختلف ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔
پاکستان نے اومیکرون کے خدشات کے باعث 27 نومبر کو جنوبی افریقہ سمیت 7 ممالک پر سفری پابندی عائد کی تھی، پابندیوں کا شکار ممالک میں 6 افریقی ممالک جنوبی افریقہ، لیسوتھو، اسویٹنی، موزمبیق، بوٹسوانا اور نمیبیا کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ بھی شامل تھا۔
