بلوچستان پولیس کا مجید اچکزئی کی بریت چیلنج کرنے کا فیصلہ

پولیس نے ٹریفک وارڈن قتل کیس میں سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایڈیشنل آئی جی بلوچستان عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ کیس میں اپیل کی درخواست کی تیاری آخری مراحل میں ہے، تفصیلی فیصلے اور دستاویزات کا جائزہ لےکر درخواست کو حتمی شکل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل کورٹ کے فیصلے کے خلاف جلد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔
واضح رہےکہ 4 ستمبر کو بلوچستان کی ماڈل کورٹ نے کوئٹہ میں ٹریفک سارجنٹ کے قتل کیس میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) مجید خان اچکزئی کو عدم ثبوت پربری کیا تھا۔
2017 میں بلوچستان کی اسمبلی کے رکن اور اس وقت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین مجید اچکزئی پر سارجنٹ عطااللہ کو گاڑی کی ٹکر سے قتل کرنے کا الزام تھا۔ ٹریفک پولیس انسپیکٹر عطا اللہ کے قتل کا واقعہ 20جون 2017 کو کوئٹہ کے زرغون روڈ پر ایک گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا تھا۔
