بنگلا دیش کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے دورہ پاکستان کی حامی بھرلی ہے جس کے بعد سیریز کا شیڈول طے ہوگیا، طے کردہ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیشی ٹیم دورہ کرنے کے لیے دو ماہ میں تین مرتبہ پاکستان آئے گی
شیڈول کے مطابق سیریز میں شامل 3 ٹی ٹوئنٹی، 1 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز پاکستان میں ہوں گے، شیڈول کو حتمی شکل پاکستان اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ حکام کی ملاقات میں دی گئی جب کہ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے معاملات طے کرنے میں معاون کا کردار ادا کیا ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق بنگلادیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی جس کے بعد مہمان ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی اور پھر واپس آ کر 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہی ہوگا۔
چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ ٹیم تین مرتبہ پاکستان آئے گی جو اس بات کا ثبوت ہےکہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button